Saturday , September 22 2018
Home / Top Stories / کالیشورم آبپاشی پراجکٹ کے کاموں سے متعلق چیف منسٹر کا دورہ مکمل

کالیشورم آبپاشی پراجکٹ کے کاموں سے متعلق چیف منسٹر کا دورہ مکمل

کئی علاقوں کا فضائی سروے، پرگتی بھون میں آج اعلی سطحی اجلاس
حیدرآباد۔ 8 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے بھوپال پلی اور پیدا پلی اضلاع میں کالیشورم آبپاشی پراجیکٹ کی تکمیل کے کاموں سے متعلق اپنے دو روزہ دورے کو آج مکمل کرلیا۔ چیف منسٹر نے پراجیکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں انجینئرس اور عہدیداروں کے ساتھ دو دن تک مصروف ترین وقت گزارا۔ کئی علاقوں میں انہوں نے فضائی سروے کے ذریعہ پراجیکٹ کی راہداری اور تکمیل کے بعد سیراب کیے جانے والے علاقوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف پمپ ہائوز کا شخصی طور پر دورہ کرتے ہوئے کاموں کی پیشرفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ دو روزہ دورے کے اختتام کے بعد چیف منسٹر نے کل 9 ڈسمبر کو 11 بجے دن پرگتی بھون میں کالیشورم پراجیکٹ پر اعلی سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا ہے۔ پراجیکٹ کے کام میں شامل تمام محکمہ جات کے عہدیداروں، ورکنگ ایجنسیز اور بھوپال پلی و پیدا پلی اضلاع کے کلکٹرس کو شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف منسٹر پراجیکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کریںگے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر موجودہ کام کی رفتار سے مطمئن نہیں ہیں اور وہ مقررہ مدت میں پراجیکٹ کی تکمیل کے خواہاں ہیں۔ چیف منسٹر نے دورے کے آج دوسرے دن لکشمی پور کے علاقے میں کالیشورم پراجیکٹ کی گہرائی کے سلسلہ میں تعمیر کیے جارہے ہیں سورنگ کے کام کا جائزہ لیا اور عہدیداروں سے بات چیت کی۔ بعد میں وہ جگتیال ضلع کے رام پور پہنچے۔ انہوں نے وہاں پمپ ہائوز کا دورہ کیا۔ چیف منسٹر نے سہ پہر مڈ مانیر پراجیکٹ کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور حیدرآباد واپس ہوگئے۔ چیف منسٹر آج دوسرے دن راما گنڈم سے اپنے دورے کا آغاز کیا جہاں انہوں نے این ٹی پی سی کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے آٹھویں برقی یونٹ کے کاموں کا جائزہ لیا۔ وہاں سے وہ کالیشورم پراجیکٹ کے معائنے کے لیے روانہ میڈارم پیکیج 6، رامڑگو پیکیج 8 علاقوں میں حصول اراضیات کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سورنگ کی تعمیر اور پمپ ہائوز کے علاوہ سب اسٹیشن کا دورہ کیا۔ میڈارم میں 400 میگاواٹ برقی صلاحیت کا سب اسٹیشن تعمیر کیا جارہا ہے جس کی تفصیلات سے چیف منسٹر کو واقف کیا گیا۔ عہدیداروں نے ڈسمبر تک پمپ ہائوز کی تعمیر مکمل کرنے کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں پر واضح کیا کہ حکومت پراجیکٹ کی تعمیر میں سنجیدہ ہے اور کسی بھی فنی خرابی کے بغیر مقررہ مدت کے دوران تکمیل ہونی چاہئے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر آبپاشی ہریش رائو اور دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے۔ متحدہ آندھراپردیش میں یہ علاقے نکسلائٹس سے متاثرہ علاقوں میں شمار کیے جاتے تھے لہٰذا چیف منسٹر کے دورے کے موقع پر پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ چیف منسٹر نے مقامی عوامی نمائندوں اور ٹی آر ایس قائدین سے ملاقات کی اور پراجیکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں عہدیداروں سے تعاون کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر کالیشورم پراجیکٹ کے بعد ریاست کے دیگر اضلاع میں تعمیر کیے جارہے پراجیکٹس کے دورے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT