Friday , September 21 2018
Home / Top Stories / کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ شاندار : گورنر

کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ شاندار : گورنر

جون تک کام مکمل ہوجائے گا ، مقام کا معائنہ ورکرس سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو شاندار قرار دیا اور کہا کہ پراجکٹ کا پہلا مرحلہ جون تک مکمل ہوجائے گا ۔ گورنر نے آج جئے شنکر بھوپلا پلی ڈسٹرکٹ ، کریم نگر کے لکشمی پور تک پراجکٹ کے جاریہ کاموں کا معائنہ کیا اور تفصیلی جائزہ بھی لیا ۔ سری پورم میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ پراجکٹ اپنے وقت مقررہ پر پورا ہوجائے گا۔ یہاں کام تیزی سے جاری ہے ۔ اس دوران گورنر نے پراجکٹ کے مقام پر ورکرس سے بات چیت کی اور ان کے مسائل و ضروریات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ ورکرس کو تعمیری کاموں کے مقام پر دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بھی پوچھا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ورکرس کو اچھا کھانا اور رہنے کے لیے بہتر سہولت فراہم کریں ۔ گورنر نے ورکرس کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کی بھی خواہش کی ۔ عہدیداروں نے گورنر کو بتایا کہ ان ورکرس کی تنخواہوں کو ان کے بینک اکاونٹس میں ڈپازٹ کرنے کے علاوہ پی ایف اور دیگر سہولتیں بھی دی جارہی ہیں ۔ دوسری جانب وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے جو دورہ کے دوران گورنر کے ہمراہ تھے ۔ بتایا کہ پراجکٹ کے کاموں کے تعلق سے تفصیلی رپورٹ پیش کی اور تصویری نمائش کا بھی انتظام کیا تھا ۔ مڈلیگڈا سے روزانہ 180 ٹی ایم سی پانی 90 دنوں کے لیے چھوڑا جائے گا ۔ پانی سال بھر دستیاب ہے چونکہ گوداوری اور پرنہیتا ندیاں اس علاقہ سے گذرتی ہیں ۔ گورنر نے کالیشورم پراجکٹ کے کاموں سے متاثر ہو کر کہا کہ یہ ایک مشن ہے ۔ ملٹی کروڑ آبپاشی پراجکٹ حکومت تلنگانہ کی بڑی کامیابیوں میں سے ایک کامیابی ہے ۔ اس پراجکٹ کو درست طریقہ سے شروع کرنے کا سہرا چیف منسٹر کے سر جاتا ہے ۔ چندر شیکھر راؤ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ اس پراجکٹ سے بلا شبہ ہم تمام کو فائدہ ہوگا ۔ گورنر نے کہا کہ دو سال قبل چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ میرے پاس آئے اور دو گھنٹے تک گوگل میاپ کی مدد سے پراجکٹ کے مقام کی تفصیلات بتائی ۔ وہ پہلے چیف منسٹر ہیں جنہوں نے خود سے ہی کمپیوٹر کے ذریعہ پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ گورنر نے ہریش راؤ کی بھی ستائش کی کہ کالیشورم کے لیے انہوں نے دن رات کام کیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT