کالیشورم پراجیکٹ تیزی سے مکمل کرنے چیف منسٹر کی ہدایت

وزیر آبپاشی ہریش راؤ کی خدمات کی ستائش ۔ مستقبل میں بھی امیدیں۔ پرگتی بھون میں کے سی آر کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد 9 ڈسمبر ( سیاست نیوز )چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حکم جاری کیا ہے کہ کالیشورم پراجیکٹ پر تمام کاموں کو تیزی کے ساتھ مکمل کیا جانا چاہئے کیونکہ تمام درکا ر منظوریاں حاصل ہوگئی ہیں ‘ تمام ضروری فنڈز جاری کردئے گئے ہیں اور اراضیات کا حصول بھی مکمل ہوچکا ہے ۔ اس کے علاوہ دیگر تمام مسائل کو بھی حل کرلیا گیا ہے اور اس پراجیکٹ کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔ کے سی آر نے ریاستی وزیرآبپاشی ہریش راؤ کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے کروڑہا عوام کو بے شمار امیدیں وابستہ ہیں۔ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیرآبپاشی ہریش راؤ کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ واضح رہیکہ گذشتہ تین دنوں تک چیف منسٹر نے کالیشورم پراجکٹ کے علاوہ دوسرے پراجکٹس کی تعمیرات کا غیرمنقسم ضلع کریم نگر کا دورہ کرتے ہوئے جائزہ لیا ہے اور آج ہریش راؤ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات بالخصوص کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کیلئے ابھی تک جو ذمہ داری نبھائی ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ وہ ہریش راؤ کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں اور ریاست کے عوام ان سے ڈھیر ساری امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں۔ کالیشورم پراجکٹ کے علاوہ دوسرے پراجکٹ کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کا انہیں اور عوام کو یقین ہے۔ کے سی آرنے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کیلئے قومی محکمہ ماحولیات سے منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ پراجکٹ کی تعمیر کیلئے عدالت میں جو حلفنامہ داخل کیا گیا ہے حکومت اس پر قائم ہے۔ بین ریاستوں کے معاہدے بھی مکمل ہوگئے ہیں۔ اس میں بھی ہریش راؤ نے اہم رول ادا کیا ہے۔ دوسری منظوریاں بھی بہت جلد حاصل ہوجانے کی توقعات کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کیلئے بجٹ میں 25 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ مزید 20 ہزار کروڑ روپئے کے قرض بینکوں سے حاصل کئے جارہے ہیں۔ مشن بھاگرتا کے کاموں کو جاریہ ماہ کے اواخر تک مکمل کرتے ہوئے آئندہ سال جنوری سے نئے سال کے تحفہ کے طور پر گھر گھر نلوں کے ذریعہ پینے کا پانی سربراہ کرنے کا چیف منسٹر نے اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کالیشورم پراجیکٹ کیلئے ماحولیاتی منظوری قطعی مراحل میں ہے اور یہ بھی جلد مل جانے کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی منظوری کے حصول سے قبل ہی ڈیزائین کے منصوبے اور دیگر تعمیراتی کاموں کیلئے حکمت عملی کو تیار رکھا جانا چاہئے ۔ چیف منسٹر کے طلب کردہ اس جائزہ اجلاس میں وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ ‘ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر ‘ حکومت کے مشیر راجیو شرما ‘ مشن بھاگیرتا کے نائب صدر نشین وی پرشانت ریڈی ‘ آبپاشی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر نشین شنکر ریڈی ‘ رکن پارلیمنٹ بی سمن ‘ چیف سکریٹری ایس پی سنگھ ‘ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ‘ اسپیشل چیف سکریٹری ( آبپاشی ) ایس کے جوشی اور دوسرے عہدیداران وغیرہ شریک تھے ۔ متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں نے بھی اس میں شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ انہوں نے کالیشورم پراجیکٹ کیلئے بسرعت منظوری حاصل کرنے کیلئے سخت جدوجہد کی ہے ۔ چندر شیکھر راؤ نے بیاریجس ‘ کنالوں ‘ پمپ ہاوزیس ‘ سب اسٹیشنوں وغیرہ کے کاموں کا جائزہ لیا ۔

TOPPOPULARRECENT