Tuesday , July 17 2018
Home / شہر کی خبریں / کالیشورم پراجیکٹ کو مرکز کی منظوری ‘ اپوزیشن کیلئے طمانچہ ‘ ہریش راؤ کا رد عمل

کالیشورم پراجیکٹ کو مرکز کی منظوری ‘ اپوزیشن کیلئے طمانچہ ‘ ہریش راؤ کا رد عمل

حیدرآباد 24 نومبر ( آئی این این) مرکزی وزارت جنگلات نے آج کالیشورم پراجیکٹ کو قطعی منظوری دیدی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ اس پراجیکٹ کیلئے منظوری حاصل کرنے بہت سرگرمی سے کوشش کر رہے تھے ۔ اسے باوقار پراجیکٹ قرار دیتے ہوئے اس سلسلہ میں کئی نمائندگیاں کی گئی تھیں۔ مرکزی حکومت کی وزارت جنگلات کی جانب سے اس پراجیکٹ کو منظوری دی جانی باقی تھی ۔ وزارت جنگلات نے آج اس پراجیکٹ کو منظوری دیدی ۔ اس منظوری پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ وزارت جنگلات کی جانب سے اس پراجیکٹ کی منظوری ان تمام جماعتوں ( اپوزیشن ) کے منہ پر طمانچہ ہے جنہوں نے اس پراجیکٹ کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پراجیکٹ کو دوسری ایجنسیوں سے بھی منظوری حاصل ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے اس پراجیکٹ کیلئے تلنگانہ کے 15 اضلاع کے علاوہ مہاراشٹرا کے گڈچیرولی ضلع کے عوام کی منظوری حاصل کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ نے اس پراجیکٹ کیلئے جنگلات کی جو اراضیات حاصل کی جانی ہیں ان کیلئے مرکزی وزارت جنگلات کے پاس 723 کروڑ روپئے ڈپازٹ کروائے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہیا کہ کالیشورم پراجیکٹ کے نتیجہ میں نہ صرف دریائے گوداوری کے پانی کا موثر استعمال ہوسکے گا بلکہ ریاست کے کئی اضلاع کو آبپاشی کیلئے پانی حاصل ہوگا اور پینے کا پانی فراہم کرنے میں بھی مدد لے گی ۔

TOPPOPULARRECENT