Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / کامیابی کا سہرا بولروں کے سر:روہت

کامیابی کا سہرا بولروں کے سر:روہت

حیدرآباد۔22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل10 کے فائنل میں رائزنگ پونے سوپر جائنٹس کو صرف ایک رن سے شکست دے کر آئی پی ایل کا خطاب جیتنے والی ٹیم ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے اس جیت کا سہرہ اپنے بولروں کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بولروں پر پورا یقین تھا۔ممبئی نے اتوار کی رات حیدرآباد میںکھیلے گئے فائنل میں آٹھ وکٹ پر 129 رن کا معمولی اسکور بنانے کے باوجود پونے کوچھ وکٹ پر 128 رن پر روک کر ایک رن سے خطاب اپنے نام کر لیا۔ ممبئی نے اس طرح تیسری مرتبہ آئی پی ایل خطاب جیت کر تاریخ رقم کی اور وہ تین مرتبہ یہ خطاب جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔روہت نے میچ کے بعد کہا،مجھے اب جاکر سکون ملا۔ یہ کرکٹ کا ایک شاندار میچ تھا۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ناظرین نے اس سے لطف اٹھایا ہوگا۔ اس طرح کے چھوٹے اسکور کا دفاع کرنا بہترین کوشش کہی جائے گی۔ میں اس سے زیادہ کی توقع نہیں کر سکتا۔روہت آئی پی ایل میں بطور کپتان اب تین مرتبہ اور مجموعی طورپر چارمرتبہ یہ ٹوئنٹی 20 کا خطاب جیت چکے ہیں۔ روہت کی کپتانی میں ممبئی نے اس سے پہلے 2013 اور 2015 میں یہ خطاب جیتا تھا۔ اس کے علاوہ 2009 میں وہ دکن چارجرس کی جانب سے کھلاڑی کے طور پر ایک خطاب جیت چکے ہیں۔30 سالہ روہت نے کہا،جب آپ اس طرح کے چھوٹے اسکور کا دفاع کرنے کے لئے اترتے ہیں تو خود پر اعتماد ہونا ضروری ہے ۔میں نے اپنے کھلاڑیوں سے کہا کہ اگر ہم کولکاتہ کے خلاف چھوٹے اسکور کا دفاع کر سکتے ہیں تو یہاں بھی ایسا کر سکتے ہیں۔ہمیں پچ سے بھی مدد ملی جس کا ہم نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔روہت نے کہا،جب تین اوور باقی تھے تب بھی مجھے اپنے بولروں پر یقین بن چکاتھا۔ انہوں نے ہمیشہ اپنا کردار اچھی طرح سے ادا کیا ہے ۔ میں نے انہیں پوری آزادی دی۔ میں نے ان سے کہا کہ وہ جیسی فیلڈنگ چاہتے ہیں ویسا کریں۔

TOPPOPULARRECENT