Wednesday , January 17 2018
Home / شہر کی خبریں / کانسٹبل کی دیانتداری سے چیف منسٹر خوش، انعام سے نوازا

کانسٹبل کی دیانتداری سے چیف منسٹر خوش، انعام سے نوازا

حیدرآباد۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اسپیشل برانچ سے وابستہ ایک کانسٹبل کی دیانت داری پر انعام سے نوازا۔ ویسٹ زون سے تعلق رکھنے والے کانسٹبل نارائن راؤ نے روڈ نمبر 10 جوبلی ہلز پر واقع پاسپورٹ درخواست گزار جو پیشہ سے ڈاکٹر بتایا جاتا ہے، پاسپورٹ ویری فیکیشن کیلئے پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد وہ وہاں سے لوٹ رہا تھا کہ درخواست گزار نے اسے رقم دینے کی کوشش کی لیکن کانسٹبل نارائن راؤ نے رقم قبول کرنے سے انکار کردیا۔ درخواست گزار نے اس بات کی اطلاع چیف منسٹر آفس کو دی جس کے بعد چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اسپیشل برانچ کے کانسٹبل کو اپنے دفتر طلب کرکے اس کی دیانت داری کی ستائش کی اور انہیں انعام دیا۔ کانسٹبل کے ہمراہ کمشنر پولیس حیدرآباد ایم مہیندر ریڈی اور جوائنٹ کمشنر پولیس اسپیشل برانچ مسٹر وائی ناگی ریڈی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے بتایا کہ کانسٹبل نارائن راؤ کی جانب سے رقم قبول کرنے سے انکار پر پولیس کی ساکھ میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانسٹبل نارائن راؤ کو مثال بناتے ہوئے تلنگانہ پولیس دیانت داری اور فرضی شناسی سے اپنی ڈیوٹی انجام دینی چاہئے چونکہ حکومت کی جانب سے کرپشن سے پاک محکمہ پولیس کا خواب پورا ہوسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT