Wednesday , July 18 2018
Home / شہر کی خبریں / کانگریس ارکان اسمبلی کو ہائیکورٹ سے راحت

کانگریس ارکان اسمبلی کو ہائیکورٹ سے راحت

نلگنڈہ و عالم پور کیلئے انتخابی شیڈول 6 ہفتوں تک جاری نہ کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔19مارچ ( سیاست نیوز ) کانگریس کے ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کو ہائیکورٹ نے راحت فراہم کرتے ہوئے دو اسمبلی حلقوں کیلئے آئندہ 6ہفتوں تک شیڈول جاری نہ کرنے کی الیکشن کمیشن کو ہدایت جاری کی ہے ۔ کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کی حکومت نے رکنیت منسوخ کرتے ہوئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا اور الیکشن کمیشن کو ان دو مخلوعہ اسمبلی حلقوں پر انتخابات کرنے کی اپیل کی تھی ۔ جس کی آج ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی اور ہائیکورٹ نے 6 ہفتوں تک انتخابی عمل شروع نہ کرنے کی الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ۔ ہائیکورٹ نے اس مسئلہ پر جواب داخل کرنے کی حکومت تلنگانہ کو ہدایت دی ‘ ساتھ ہی اُس دن اسمبلی میں جو بھی واقعہ پیش آیا ‘ اس سے متعلق ویڈیو فٹیج کو مہربند لفافے میں عدلیہ کو پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ آئندہ سماعت 22مارچ تک ملتوی کردی گئی ‘ قطعی فیصلہ ہونے تک انتظار کرنے کی ہدایت دی ۔ صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سوامی گوڑ کی آنکھ زخمی ہونے کے الزام میں کانگریس کے ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کی اسمبلی میں قرارداد منظور کی گئی ‘ اس کے علاوہ قائد اپوزیشن جانا ریڈی کے بشمول 11ارکان اسمبلی اور 6ارکان قانون ساز کونسل کو اسمبلی بجٹ سیشن کے اختتام تک معطل کردیا گیا ۔ ہائیکورٹ کے فیصلہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سمپت کمار نے کہا کہ اس فیصلہ سے ان کا عدلیہ پر احترام بڑھ گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کو انتخابی عمل شروع کرنے سے روکنا خوش آئند ہے ۔ تلنگانہ حکومت مخالف دلت کام کررہی ہے جس کی انہیں قیمت چکانی پڑے گی ۔

TOPPOPULARRECENT