Wednesday , January 17 2018
Home / شہر کی خبریں / کانگریس اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے عہد کی پابند: صدر پی سی سی تلنگانہ

کانگریس اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے عہد کی پابند: صدر پی سی سی تلنگانہ

گاندھی بھون میں شعبہ اقلیت کی پنالہ لکشمیا کے اعزاز میں تقریب

گاندھی بھون میں شعبہ اقلیت کی پنالہ لکشمیا کے اعزاز میں تقریب

حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ کانگریس پارٹی اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ کانگریس کے ٹکٹوں کی تقسیم اور عہدوں کی فراہمی میں انصاف کیا جائے گا ۔ آج گاندھی بھون میں پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نو منتخب تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی تہنیتی تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت مسٹر محمد سراج الدین نے کی ۔ اس تقریب میں میر ہادی علی ، سید اسمعیل حسین ، ڈاکٹر ایم اے انصاری ، خواجہ ذاکر الدین ، خواجہ غیاث الدین ، محمد امجد ، اعجاز خان ، معراج خان ، اسمعیل الرب انصاری کے علاوہ کانگریسی قائدین موجود تھے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ اقلیتیں کانگریس کے ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ اقلیتوں اور کانگریس کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔ کانگریس کے ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے 10 سالہ دور حکومت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی و بہبود کے لیے بے شمار کام کئے گئے ہیں ۔ جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ ریاست میں اقلیتوں کی ترقی کے لیے کئی کام کئے گئے ہیں مزید کئی کام کرنا باقی ہے ۔ کانگریس سیکولر نظریات رکھنے والی جماعت ہے ۔ صدر پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد سراج الدین نے کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں نے ہمیشہ کانگریس کا ساتھ دیا ہے ۔ اب کانگریس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقلیتوں کے مفادات کا تحفظ کریں ۔ مسلمانوں کو ترقی میں حصہ دار بنائیں ۔ مقامی اداروں سے لوک سبھا کے انتخابات تک مسلمانوں کو ٹکٹوں اور عہدوں کی تقسیم میں انصاف اور زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو ٹکٹ دے کر انصاف کرنے کا مطالبہ کیا ۔ فلاحی اسکیمات کو پارٹی کے انتخابی منشور میں زیادہ سے زیادہ اہمیت دینے کی اپیل کی ۔ اقلیتی سب پلان ، اور مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات کو بھی شامل رکھنے پر زور دیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT