Tuesday , November 13 2018
Home / Top Stories / کانگریس امیدواروں کے ناموں کو تقریباً قطعیت

کانگریس امیدواروں کے ناموں کو تقریباً قطعیت

سونیا گاندھی کی قیامگاہ پر آج کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اہم اجلاس

حیدرآباد۔/7نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی اسکریننگ کمیٹی نے تلنگانہ انتخابات کیلئے کانگریس کے امیدواروں کے ناموں کو تقریباً قطعیت دے دی ہے۔ 7 سابق ارکان پارلیمنٹ بشمول وجئے شانتی کو بھی امیدوار بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔ 8 اکٹوبر کو سونیا گاندھی کی قیامگاہ پر کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوگا جس میں امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی اور 9 اکٹوبر کو امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائے گی۔ ٹکٹ سے محروم ہونے والے قائدین کو دہلی طلب کرکے راہول گاندھی سے ملاقات کراتے ہوئے حکومت تشکیل دینے کے بعد ان کے ساتھ انصاف کرانے کا تیقن دیا جارہا ہے۔ گزشتہ دو دن سے دہلی میں اے آئی سی سی اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ اجلاس میں تلنگانہ سے اتم کمار ریڈی، کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، ملوبٹی وکرامارک، تلنگانہ انچارج آر سی کنٹیا کے علاوہ تین اے آئی سی سی سکریٹریز نے بھی شرکت کی۔ تلنگانہ میں ٹکٹ کے دعویدار بیشتر قائدین دہلی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں اور ٹکٹ کیلئے دوڑ دھوپ کررہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے کانگریس کے 7 سابق ارکان پارلیمنٹ کو اسمبلی انتخابات میں اُتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان میں وجئے شانتی کا بھی نام سنا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں ابھی تک وجئے شانتی نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے مگر وہ آج اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئی ہیں۔ پہلے اسمبلی حلقہ حلقہ جات دوماٹ ، میدک اور کوکٹ پلی سے ان کے نام پر غور کیا گیا تھا مگر اب یہ سنا جارہا ہے کہ وہ اسمبلی حلقہ میدک سے مقابلہ کرسکتی ہیں۔ دوسرے سابق ارکان پارلیمنٹ میں پونم پربھاکر، سریش شیٹکار، سروے ستیہ نارائنا، بلرام نائیک، ملوروی وغیرہ کو بھی ٹکٹ دینے کا تقریباً فیصلہ ہوگیا ہے۔ آج کے اجلاس میں عظیم اتحاد کی تشکیل، حلیف جماعتوں میں نشستوں کی تقسیم ، کانگریس کے ٹکٹ سے محروم ہونے والے قائدین کو سمجھانے منانے کے علاوہ کانگریس کی انتخابی مہم پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ان حلقوں میں دویا تین پارٹی قائدین ٹکٹ کے دعویدار ہیں انہیں فوری دہلی طلب کیا گیا ہے۔ ان کی راہول گاندھی سے ملاقات کراتے ہوئے ٹکٹ کسی کو بھی ملے کانگریس امیدواروں کی کامیابی کیلئے ان سے تیقن حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ۔ حکومت کی تشکیل کے بعد ان سے انصاف کرنے کا بھی وعدہ کیا جارہا ہے۔ کانگریس پارٹی ٹکٹوں کے اعلان ہونے کے بعد امکانی ناراضگی کو دور کرنے کیلئے اپنی طرف سے تمام اقدامات کررہی ہے مگر وہ اپنی تیار کردہ حکمت عملی پر کتنی کامیاب ہوتی ہے ایک دو دن میں اس کا بھی پتہ چل جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT