Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس اور تلگودیشم پارٹیوں کا کسانوں کے نام پر مگرمچھ کے آنسو

کانگریس اور تلگودیشم پارٹیوں کا کسانوں کے نام پر مگرمچھ کے آنسو

کے سی آر کی قیادت میں زرعی شعبوں کی ترقی و کسانوں کی بھلائی، ٹی ہریش راؤ کا ردعمل
حیدرآباد۔/15اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگودیشم پارٹی کسانوں کے نام پر مگرمچھ کے آنسو بہارہی ہے اور کسانوں کے مسائل پر سیاست کرتے ہوئے ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے انتخابی منشور میں کسانوں سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری کی گئی۔ زرعی شعبہ کو 9 گھنٹے برقی سربراہی کا وعدہ کیا گیا تھا جس پر کامیابی سے عمل آوری جاری ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ربیع سیزن کیلئے کسانوں کو 9 گھنٹے برقی سربراہی عمل میں آئے گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں برقی کا کوئی بحران نہیں ہے۔ انہوں نے حالیہ بارش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کئی برسوں بعد ہوئی اس بارش سے کسان کافی خوش ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کسانوں کی خوشی اور ان کے اطمینان کو کانگریس اور تلگودیشم قائدین دیکھ نہیں پارہے ہیں لہذا وہ ہر مسئلہ پر سیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کو یکسر نظرانداز کردیا گیا جبکہ ٹی آر ایس حکومت نے اقتدار حاصل ہوتے ہی پراجکٹ کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام پراجکٹس مقررہ وقت پر مکمل کئے جائیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں نے کوششیں کی ہیں۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش تلنگانہ کے پراجکٹ کے خلاف مرکز سے رجوع ہوئے۔ ہریش راؤ نے تلگودیشم قائدین سے سوال کیا کہ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کو تلنگانہ کی مخالفت سے کیوں نہیں روکا۔ انہوں نے بتایا کہ پراجکٹس کے خلاف آندھرا پردیش حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہوچکی ہے۔ تلنگانہ کے تلگودیشم قائدین میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ چندرا بابو نائیڈو کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے آبپاشی پراجکٹس کی مخالفت سے باز رہنے کا مشورہ دیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں آندھرائی حکمرانوں نے تلنگانہ کو ہر شعبہ میں نظرانداز کردیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT