Saturday , November 17 2018
Home / شہر کی خبریں / کانگریس حکومت سے ہی سنہرے تلنگانہ کا خواب شرمندۂ تعبیر

کانگریس حکومت سے ہی سنہرے تلنگانہ کا خواب شرمندۂ تعبیر

مشیرآباد میں کانگریس کی گھر گھر انتخابی مہم ، انجن کمار یادو کا خطاب
حیدرآباد۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے ٹی آر ایس کو دھوکہ باز اور بی جے پی کو فرقہ پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت میں ہی سنہرا تلنگانہ کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوگا۔ کانگریس کے قائدین آج اسمبلی حلقہ مشیرآباد کے ڈیویژن بھولک پور کے مختلف مقامات اندرا نگر، کریم مسجد لین، انجمن کامپلیکس لین، وائیٹ ہاؤز لین، جلال مسجد لین، بنگلہ دیش کلاتھ مارکٹ، پدماشالی کالونی، گلشن نگر، گاندھی نگر کے علاوہ دوسرے علاقوں میں پدیاترا کرتے ہوئے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو، جنرل سیکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین، محمد مقصود احمد، اے آئی سی سی رکن پیر ارشاد احمد ناصر، سابق ڈپٹی میئر راجکمار سابق کارپوریٹرس ایس محمد واجد حسین، کلپنا یادو کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ 2014ء کے عام انتخابات میں عوام نے اسمبلی حلقہ مشیرآباد سے بی جے پی کے امیدوار تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر لکشمن کو کامیاب بنایا تھا لیکن لکشمن نے اسمبلی حلقہ مشیرآباد کی ترقی، بنیادی مسائل کی یکسوئی کیلئے کوئی کام نہیں کیا اور نہ ہی ٹی آر ایس حکومت نے اس حلقہ کو ترقی دینے کیلئے کوئی اقدامات کئے ہیں۔ آئندہ کانگریس کی حکومت قائم ہوگی اور اسمبلی حلقہ مشیرآباد پر کانگریس کا قبضہ ہوگا۔ جنرل سیکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین نے ٹی آر ایس کو دھوکہ باز اور بی جے پی کو فرقہ پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں ملک اور دستور دونوں کیلئے خطرہ ہے۔ ایسی جماعتوں پر اعتماد کرنا اپنے پیروں پر خود کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے آئندہ انتخابات میں دونوں جماعتوں کو شکست دیتے ہوئے کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی۔

TOPPOPULARRECENT