کانگریس سب کو منصفانہ مواقع کی حامی

راہول گاندھی کی تقریر سے مستقبل کی راہ کا تعین : پی چدمبرم
نئی دہلی 17 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ پارٹی کے نئے صدر راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی جانب سے انصاف ‘ مساوی مواقع اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے مہم چلائی جائیگی ۔ اپنے ٹوئیٹس میں چدمبرم نے کہا کہ راہول گاندھی نے کل بحیثیت صدر کانگریس جو تقریر کی تھی اس سے ایک متبادل مباحث کی ضرورت کا اظہار ہوا ہے جو کانگریس پارٹی عوام کے سامنے رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک متبادل مباحث کا انتظام کریگی جو انصاف پسندی ‘ مساوی مواقع اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی پر مبنی ہوگی اور 250 ملین افراد کو غربت سے باہر نکالا جائیگا ۔ سینئر کانگریس لیڈر نے کہا کہ ان کی پارٹی ہندوستان کی تاریخ پر جو نظریہ رکھتی ہے وہ بی جے پی سے مختلف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال بی جے پی سے مختلف ہے ۔ راہول گاندھی نے ہندوستان کے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہندوستان سے متعلق ہمارے خیال کی مدافعت کریں اور انہیں یقین ہے کہ نوجوان اس کام کیلئے آگے آئیں گے ۔ راہول گاندھی نے کل اپنی تقریر میں پارٹی کیلئے مستقبل کا راستہ پیش کرنے کی کوشش کی تھی اور کہا تھا کہ ان کی پارٹی بی جے پی کے خلاف بے تکان جدوجہد کریگی ۔

TOPPOPULARRECENT