Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس قائدین کو ٹی آر ایس کی ترغیب سے بچانے کی کوشش

کانگریس قائدین کو ٹی آر ایس کی ترغیب سے بچانے کی کوشش

کیپٹن اتم کمار ریڈی اور ایس جئے پال ریڈی کی قائدین سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی اور سابق مرکزی وزیر مسٹر ایس جئے پال ریڈی ٹی آر ایس سے رابطے میں رہنے والے کانگریس قائدین کو پارٹی چھوڑنے سے روکنے کے لیے سرگرم مشاورت کررہے ہیں ۔ بات چیت غیر مختتم رہی ہے ۔ واضح رہے کہ نلگنڈہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مسٹر جی سکھیندر ریڈی ، مریال گوڑہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر بھاسکر راؤ کے علاوہ سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر جی ویویک سابق وزیر مسٹر جی ونود ٹی آر ایس سے رابطے میں ہے اور پارٹی چھوڑنے کی تیاری کررہے ہیں آج صبح امریکہ سے حیدرآباد پہونچنے والے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی بغیر آرام کرے پارٹی امور کی سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے تمام قائدین سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے ۔ گاندھی بھون آئے بغیر اپنی قیام گاہ سے کانگریس قائدین کے رابطے میں ہے ۔ آج کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مسٹر جی سکھیندر ریڈی نے اتم کمار ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے ایک گھنٹہ تک پارٹی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے اور اپنی شکایتوں کو پیش کیا ہے ۔ ساتھ ہی سابق اسپیکر مسٹر کے آر سریش ریڈی بھی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سے ملاقات کرنے والوں میں شامل ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سابق مرکزی وزیر مسٹر ایس جئے پال ریڈی نے اپنی قیام گاہ پر مسٹر جی ویویک اور مسٹر جی ونود کو طلب کر کے مشاورت کی ہے اور انہیں پارٹی نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا ۔ گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر ملو روی نے بتایا کہ پارٹی کے ناراض قائدین سے مشاورت جاری ہے ۔ مسٹر کے آر سریش ریڈی نے ٹی آر ایس میں شامل ہونے سے متعلق افواہوں کی تردید کردی ہے ۔ باقی قائدین سے بات چیت غیر مختتم ہے ان سے مزید بات چیت جاری ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT