Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / کانگریس قائدین کی پدیاترا پر پولیس زیادتی کی تحقیقات کا مطالبہ

کانگریس قائدین کی پدیاترا پر پولیس زیادتی کی تحقیقات کا مطالبہ

پارٹی قائدین کی انسانی حقوق کمیشن سے نمائندگی ، محمد علی شبیر و دیگر کا بیان

پارٹی قائدین کی انسانی حقوق کمیشن سے نمائندگی ، محمد علی شبیر و دیگر کا بیان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس قائدین کا ایک وفد نائب صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر محمد علی شبیر کی قیادت میں صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا پر مہاپدیاترا کے دوران پولیس کی ظلم و زیادتی اور نازیبا سلوک کی تحقیقات کروانے اور واقعہ میں ملوث پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے صدر نشین اے پی حقوق انسانی کمیشن سے ملاقات کر کے ایک یادداشت حوالے کیا ۔ بعد ازاں نائب صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی محمد شبیر علی اور صدر سٹی کانگریس کمیٹی ڈی ناگیندر نے کمیشن میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت ریاست تلنگانہ کے 10 اضلاع بالخصوص شہر حیدرآباد کے کانگریس قائدین کے ساتھ متعصبانہ اور امتیازی سلوک برت رہی ہے اور کہا کہ پولیس کا رویہ بھی کانگریس قائدین کے ساتھ غیر شائستہ اور ناشائستہ ہے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ تحریک تلنگانہ اور انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل کرنے میں بالکلیہ ناکام ہوگئی ہے ۔ جس سے تلنگانہ کے عوام بخوبی واقف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کانگریس کی مرہون منت ہے جب کہ صدر سونیاگاندھی نے دونوں ریاستوں ریاست آندھرا پردیش اور ریاست تلنگانہ میں کانگریس کو بھاری نقصان ہونے کا یقین ہونے کے باوجود تلنگانہ کے طلباء اور تلنگانہ حامیوں کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تشکیل تلنگانہ کا اعلان کردیا ۔ تحریک کے دوران تلنگانہ طلباء کی قربانیاں بھی تشکیل تلنگانہ کا اہم حصہ ہیں ۔ انہوں نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ وہ مبینہ طور پر ٹی آر ایس کے ایجنٹ کی حیثیت سے کام کررہی ہے ۔ پولیس کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کے دباؤ میں آئے بغیر قانون ، نظم و ضبط کی برقراری میں فرض شناسی اور ایمانداری کے ساتھ ذمہ داری نبھائے ۔ انہوں نے کے ٹی راما راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زبان کو قابو میں رکھیں ۔ ان قائدین نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ کانگریس قائدین کے ساتھ امتیازی سلوک سے باز آجائے بصورت دیگر کانگریس کی جانب سے احتجاجی مظاہرے منظم کرنے کا انتباہ دیا ۔ وفد میں رکن راجیہ سبھا ایم اے خاں ، سابق رکن پارلیمان انجن کمار یادو ، سابق ڈپٹی مئیر راجکمار ، سابق کارپوریٹر محمد شریف کے علاوہ دیگر کانگریس قائدین اور کارکن شامل تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT