Wednesday , August 15 2018
Home / Top Stories / کانگریس مُکت بھارت کا مطلب پارٹی کے کلچر کو ختم کرنا ہے: امیت شاہ

کانگریس مُکت بھارت کا مطلب پارٹی کے کلچر کو ختم کرنا ہے: امیت شاہ

امبیکاپور (چھتیس گڑھ)،11جون (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امیت شاہ نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں ہے ، پر ڈوب رہی کانگریس کو بچانے کی جوابدہی تو راہول گاندھی کی ہے نہ کہ بی جے پی کی۔مسٹر شاہ نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ کانگریس مسلسل کمزور ہوتی جارہی ہے اور ریاستیں اس کے ہاتھ سے نکل رہی ہیں تو اس کی ذمہ داری بی جے پی کی تو نہیں ہے ۔ شاہ نے کہاکہ کانگریس سے پاک ہندستان کی سوچ بی جے پی کی نہیں ہے پر کانگریس کلچر سے پاک ہندوستان وہ ضرور چاہتی ہے اور اس سمت میں کوشش جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ پچاس ساٹھ برسوں میں کانگریس نے ملک کو جو دیا ہے ، عوام اسے وہی لوٹا رہے ہیں، باقی گاندھی پر منحصر کرتا ہے کہ وہ کانگریس سے پاک ہندستان چاہتے ہیں یا نہیں۔ شاہ نے کہاکہ کانگریس الزام لگاتی ہے کہ مودی حکومت میں زیادہ جوان شہید ہوئے لیکن کانگریس یہ نہیں بتاتی کہ سب سے زیادہ دہشت گرد بھی بی جے پی کے دور اقتدار میں ہی مارے گئے ہیں۔بی جے پی کے صدر شاہ نے پٹرول ڈیزل کی قیمتوں کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کو ٹالتے ہوئے کہاکہ پٹرول ۔ڈیزل کی قیمتوں پر حکومت کی نظر ہے ۔ انہوں نے چھتیس گڑھ کے وزیراعلی ڈاکٹر رمن سنگھ کی جم کر تعریف کرتے ہوئے کہاکہ چھتیس گڑھ ریاست بننے سے پہلے یہ مدھیہ پردیش کے ساتھ مل کر ایک خستہ حال ریاست جیسا تھا۔ اب بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد سے چھتیس گڑھ کی گنتی ملک کی ترقی یافتہ ریاستوں میں ہونے لگی ہے ۔ریاست اور ملک میں بی جے پی کی حکومت کے تعلق سے انہوں نے کہاکہ ان کے پاس دو انجن کی ریل گاڑی ہے جو تیزی سے اور صحیح راہ پر چل رہی ہے ۔ کانگریس کے دور اقتدار میں مدھیہ پردیش پر خستہ حال ریاست ہونے کا تمغہ تھا۔اسے بی جے پی نے دور کیا ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ریاست میں بی جے پی کسی کو شکست دینے نہیں بلکہ 65سیٹ جیتنے کی حکمت عملی بنا رہی ہے ۔ شاہ نے نیا رائے پور کی تعریف کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے ویژن کی ستائش کی۔چھتیس گڑھ کے منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست ابھی پاور ہب ہے اور آئندہ دنوں میں ایجوکیشن ہب بننے والا ہے ۔ ان ترقیاتی کاموں کی وجہ سے ریاست میں چوتھی باربی جے پی کی حکومت بنے گی ۔ شاہ نے کہاکہ ریاست میں سڑکوں کا جال حکومت نے بچھایا ہے ۔ دور دراز تک کے لوگوں تک سہولیات پہنچ رہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT