Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس ووٹ بینک میں 7 تا 8 فیصد اضافہ کا ادعا

کانگریس ووٹ بینک میں 7 تا 8 فیصد اضافہ کا ادعا

2019 میں پارٹی کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔ 10 اگست (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ تازہ سروے میں کانگریس کا مزید 7 تا 8 فیصد ووٹ بینک بڑھ جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ 2019ء کے عام انتخابات میں کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ گاندھی بھون میں میڈیا نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پہلے کانگریس کی جانب سے کئے گئے سروے میں فوری انتخابات کی صورت میں کانگریس کو 65 تا 70 اسمبلی حلقوں میں کامیابی حاصل ہونے کے اشارے ملے تھے۔ تازہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ کانگریس ووٹ بینک میں مزید 7 تا 8 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے۔ مخالف عوام دشمن فیصلوں، قیمتوں میں اضافہ، بدعنوانیاں، بے قاعدگیاں، اسکامس، مافیا راج بڑھ جانے سے عوام ٹی آر ایس حکومت پر اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔ چند ماہ قبل کھمم میں کسانوں کو ہتھکڑیاں پہناکر عدالت میں پیش کیا گیا۔ سرسلہ میں دلتوں اور قبائیلی طبقات کے خلاف پولیس نے تھرڈ ڈگری کا استعمال کیا ہے۔ یہاں تک کہ انہیں برقی شاک دیئے گئے ہیں۔ طلبا کی فیس ری ایمبرسمنٹ جاری نہیں کی گئی۔ قرضوں کی معافی بے فیض ثابت ہورہی ہے۔ بینکوں کی جانب سے کسانوں کو نئے قرض جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کی بے رخی سے خود ٹی آر ایس میں ناراضگیاں پائی جارہی ہیں۔ انتخابی منشور کے وعدے ہنوز پورے نہیں کئے گئے۔ کسانوں سے زبردستی اراضیات حاصل کی جارہی ہیں جس سے عوام میں حکومت کے خلاف ناراضگی بڑھ رہی ہے۔ کانگریس عوامی مسائل پر اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے۔ عوام کے دکھ درد میں برابر شریک ہورہی ہے۔ سنگاریڈی میں کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کے کامیاب جلسہ کے بعد کانگریس کیڈر میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔ یہ تمام چیزیں کانگریس کے حق میں درست ثابت ہورہی ہیں۔ 2019 کے انتخابات میں دوسری جماعتوں سے اتحاد کے مسئلہ پر سوال کا جواب دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کونسی جماعت یا جماعتوں سے سیاسی اتحاد کیا جائے اس پر ابھی تک کوئی غور نہیں کیا گیا۔ اگر اتحاد کرلیا جاتا ہے تو کانگریس تقریباً 100 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ برقی بحران پر قابو پانے میں کانگریس حکومت کے اقدامات ذمہ دار ہیں، لیکن کے سی آر کی جانب سے عوام کو گمراہ کرنے کا پاور پوائنٹ کے ذریعہ کانگریس بھانڈا بھوڑے گی۔ دلتوں کو 3 ایکر اراضی دینے کا وعدہ کیا گیا جس کو فراموش کردیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے انتخابی حکمت عملی کے ساتھ انتخابی منشور تیار کرنے کے کاموں کا آغاز ہوگیا ہے۔ کانگریس ، حکومت کی ناکامیوں کا پردہ فاش کریگی۔ بی جے پی کیلئے ریاست میں کوئی مواقع نہیں ہے۔ فرقہ پرستی کو ہوا دیتے ہوئے بی جے پی اثرانداز ہونے کی کوشش کررہی ہے مگر وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT