Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے ڈی ناگیندر کا عہد حیدرآباد بچاؤ نعرہ سے مہم شروع کرنے کا اعلان

کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے ڈی ناگیندر کا عہد حیدرآباد بچاؤ نعرہ سے مہم شروع کرنے کا اعلان

حیدرآباد /8 دسمبر (سیاست نیوز) صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس ڈی ناگیندر نے ’’حیدرآباد بچاؤ‘‘ نعرہ سے انتخابی مہم شروع کرنے اور ماضی کو بھول کر تمام قائدین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس قائدین کی ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کا کنوینر ڈی ناگیندر کو اور ضلع رنگا ریڈی کانگریس کے صدر ملیش کو معاون کنوینر نامزد کیا گیا ہے۔ اس دوران ڈی ناگیندر نے کہا کہ 9 دسمبر کو صدر کانگریس سونیا گاندھی کی سالگرہ کے دن سے گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابی مہم کا آغاز کیا جائے گا اور جواہر لال نہرو کے مجسمہ (واقع عابڈس) سے مجسمہ گاندھی (سکندرآباد) تک ریلی منظم کرتے ہوئے نیلور اور چینائی کے متاثرین کے لئے امداد اکٹھا کی جائے گی۔ انھوں نے بتایا کہ 150 ڈیویژنس اور یوتھ سطح کی کمیٹیاں تشکیل دے کر انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت (2004ء تا 2014ء) میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ، پی وی این آر ایکسپریس وے، نہرو آؤٹر رنگ روڈ، دریائے کرشنا و گوداوری سے حیدرآباد تک پانی لانا، فلائی اوورس کی تعمیر، عصری ڈرینج لائن کی تنصیب اور سڑکوں کی تعمیر پر ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کئے گئے، لہذا ان ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کو بنیاد بناکر کانگریس پارٹی عوام سے رجوع ہوگی اور ٹی آر ایس حکومت کے جھوٹے پروپیگنڈا کا پردہ فاش کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کا ڈیڑھ سالہ دور مایوس کن رہا، جس میں گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے لئے کوئی کام نہیں ہوا۔

TOPPOPULARRECENT