کانگریس پر تنقید کا شاخسانہ ، گوردھن ریڈی کے خلاف کارروائی کی سفارش

کودنڈا ریڈی کی صدارت میں تادیبی کمیٹی کا اجلاس ، اے آئی سی سی کو رو داد روانہ

کودنڈا ریڈی کی صدارت میں تادیبی کمیٹی کا اجلاس ، اے آئی سی سی کو رو داد روانہ

حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس تادیبی کمیٹی نے پارٹی قائدین کے خلاف تنقیدیں کرنے اور الزامات عائد کرنے والے کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر پی گوردھن ریڈی کے خلاف کارروائی کرنے کی اے آئی سی سی سے سفارش کی ہے ۔ آج گاندھی بھون میں مسٹر ایم کودنڈا ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ پردیش کانگریس تادیبی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں کانگریس کے سینئیر قائد و رکن راجیہ سبھا مسٹر پی گوردھن ریڈی کی جانب سے کانگریس قائدین پر کئے جانے والے تنقیدوں کا جائزہ لیا گیا ۔ واضح رہے کہ گوردھن ریڈی نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا پر پیسے دے کر تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت حاصل کرنے اور ٹکٹ فروخت کرتے ہوئے دولت کمانے کا الزام عائد کیا ۔ تلنگانہ میں پارٹی کی شکست کے لیے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا اور جنرل سکریٹری کانگریس پارٹی و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہیں استعفی دینے یا ہائی کمان سے انہیں عہدوں سے علحدہ کردینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ ماضی میں بھی مسٹر پی گوردھن ریڈی کو وجہ نمائی نوٹس دی گئی تھی ۔ اسمبلی حلقہ منگوڈو ضلع نلگنڈہ سے ان کی دختر نے بحیثیت کانگریس باغی امیدوار مقابلہ کیا تھا جس کی مسٹر پی گوردھن ریڈی نے تائید کی تھی ۔ ٹی آر ایس سے اتحاد میں رکاوٹ کے لیے پارٹی کے سینئیر قائد مسٹر کے جانا ریڈی کو ذمہ دار قرار دیا تھا ۔۔

TOPPOPULARRECENT