Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس پر ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام

کانگریس پر ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام

پراجکٹس کی تعمیر کے ذریعہ سنہرے تلنگانہ کا خواب پورا کرنے ٹی آر ایس کا عزم
حیدرآباد۔/16اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کانگریس پارٹی پر ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ پارٹی کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے تلنگانہ سے دشمنی کررہی ہے کیونکہ پراجکٹس کی تعمیر سے سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کا خواب پورا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ دراصل کسانوں کیلئے مسائل میں اضافہ کرنا ہے۔ کانگریس پارٹی چاہتی ہے کہ پراجکٹس کی تعمیر نہ ہو اور کسان بدستور پریشانیوں میں مبتلاء رہیں جس طرح کانگریس دور حکومت میں پریشان حال کسانوں نے خودکشی کا راستہ اختیار کیا تھا اسی طرح دوبارہ خودکشی کا سلسلہ شروع ہوجائے۔ کانگریس کی جانب سے ریتو گرجنا کے نام سے کسانوں کا جلسہ منعقد کرنے کے فیصلہ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ کسانوں کی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے اس طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریتو گرجنا کو کسانوں کی تائید حاصل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 40سال تک ریاست پر حکمرانی کرنے والی کانگریس پارٹی کسانوں سے دشمنی کررہی ہے۔ 1997 سے 2003 کے دوران 11ہزار کسانوں نے خودکشی کی جس کیلئے کانگریس پارٹی ذمہ دار ہے لیکن آج کسانوں کیلئے مگر مچھ کے آنسو بہائے جارہے ہیں۔ 2004سے 2014 تک 23 ہزار کسانوں نے خودکشی کی اور کانگریس پارٹی کو اس کے لئے عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عادل آباد میں منعقد کئے جانے والے جلسہ عام میں کانگریس کو  برسر عام معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت نے کسانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی اور 17 ہزار کروڑ کے قرضہ جات معاف کئے گئے جبکہ کانگریس حکومت نے ایک روپیہ بھی معاف نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ تو دوسری طرف کسانوں کیلئے بھروسہ یاترا کا اہتمام مضحکہ خیز اور کانگریس کے دوہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا دعویٰ ہے کہ گجویل میں سب سے زیادہ کسانوں نے خودکشی کی لیکن اسی گجویل میں کانگریس پارٹی آپباشی پراجکٹ کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اپنے رویہ میں تبدیلی لانی ہوگی اور اپوزیشن کا رویہ عوامی غیض و غضب کو دعوت دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر معاملہ میں تنقید کے بجائے تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرنا چاہیئے۔

TOPPOPULARRECENT