Wednesday , December 19 2018

کانگریس کا اعتماد بحال کرنے مہم

تلنگانہ اضلاع کا دورہ ،رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت: اتم کمار

تلنگانہ اضلاع کا دورہ ،رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت: اتم کمار
حیدرآباد ۔ 12۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے سینئیر قائد مسٹر ڈی سرینواس کی قیادت میں 10 رکنی ہائی لیول کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اضلاع میں کانگریس کو مستحکم کرنے اور سماج کے تمام طبقات میں کانگریس کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے 100 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ اگست 2014 میں تلنگانہ کانگریس کمیٹی کا دو روزہ ریاستی سطح کا ورکشاپ ابراہیم پٹنم میں منعقد کیا گیا تھا جنرل سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کی موجودگی میں منظورہ قرار داد پر عمل کرتے ہوئے سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی سرینواس کی قیادت میں 10 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ جس میں صدر نشین تلنگانہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد سراج الدین، سابق مرکزی وزراء مسٹر سروے ستیہ نارائنا مسٹر پی بلرام نائک سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر ایم انجن کمار یادو کانگریس کے ارکان اسمبلی ڈاکٹر جی گیتا ریڈی مسٹر این بھاسکر راؤ اور ڈاکٹر سی ومشی چند ریڈی اور نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ناگیا شامل ہے ۔ کمیٹی کو تلنگانہ کے تمام 10 اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے ضلع ہیڈکوارٹر پر اجلاس طلب کرنے پارٹی قائدین اور ورکرس کے علاوہ سماج کے تمام طبقات کے دانشوروں سے بھی مشاورت کرتے ہوئے ان کی رائے پر مشتمل رپورٹ 100 دن میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے حوالے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ کمیٹی تشکیل دینے کا مقصد جہاں پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا کرنا ہے وہی سماج کے تمام طبقات میں کانگریس کا کھویا ہوا وقار دوبارہ بحال کرنا ہے ۔ ڈی سرینواس کی قیادت میں تشکیل دی گئی ہائی لیول کمیٹی کی رپورٹ حاصل ہونے کے بعد تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT