Saturday , November 25 2017
Home / ہندوستان / کانگریس کا جہاز ڈوب رہاہے ، تمام کا ترک تعلق

کانگریس کا جہاز ڈوب رہاہے ، تمام کا ترک تعلق

بی جے پی کو ایک موقع دیں ، مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی عوام سے اپیل
دھیرادون ۔13 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے باغی کانگریس قائدین کی بی جے پی میں شمولیت کو ’’کچرے‘‘ کے مماثل قرار دینے پر برہم راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ کانگریس کا جہاز ڈوب رہا ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہر ایک اس سے ترک تعلق کررہا ہے ۔ کانگریس کے اس الزام پر کہ بی جے پی نے پارٹی سے قائدین کے انحراف کا منصوبہ بنایا ہے جواب دیتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہاکہ اُن کی پارٹی کانگریس کی اس ’’افسوسناک صورتحال‘‘ کیلئے ذمہ دار نہیں ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اس کاالزام کسی اور پر عائد نہیں کیا جاسکتا۔ آپ کے جہاز میں سوراخ ہوگیا ہے ، جس کے ذریعہ پانی اندر داخل ہورہاہے ۔ انھوںنے 12 ارکان اسمبلی کانگریس کے پارٹی سے ترک تعلق اور حال ہی میں بی جے پی میں شمولیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ پانچ سال کے لئے بی جے پی کو اپنی خدمت کاموقع دیں، جیسا کہ انھوں نے 2014 ء کے لوک سبھا انتخابات کو ملک کی انتخابی تاریخ کا ایک تاریخی موڑ بنادیا تھا اور پہلی بار مرکز میں قطعی اکثریت کے ساتھ غیرکانگریسی حکومت قائم ہوئی تھی ۔ ریاست کے عوام کو بھی اس کا اعادہ کرنا چاہئے ۔ ہندوستان کی معیشت دنیا بھر میں آج اُبھر رہی ہے ۔اس بات کو دنیا بھر کے ماہرین معاشیات نے تسلیم کیا ہے۔ گزشتہ ڈھائی سال سے جب کہ مودی حکومت برسراقتدار آئی ہے کرپشن کا ایک بھی الزام کسی بھی مرکزی وزیر کے خلاف عائد نہیں کیا گیا۔ ملک کا وقار بین الاقوامی سطح پر نریندر مودی کی مستحکم قیادت میں بڑھ چکا ہے ۔ بی جے پی کے سینئر قائد نے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال کئے ہوئے سرجیکل حملے کی بناء پر ستائش کی ۔ بی جے پی کے سینئر قائد نے کہا کہ سرجیکل حملے سے پوری دنیا کو یہ پیغام پہونچا کہ ہم امن پسند ملک ہیں اور توسیعی عزائم نہیں رکھتے ۔ ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، لیکن اگر مشتعل کیا جائے تو ہم جوابی کارروائی کرنے کے بھی اہل ہیں۔ ہم حساسیت اور دلیری کے ساتھ جمہوریت چلاتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT