Saturday , November 25 2017
Home / Top Stories / کانگریس کا مجلس پر پلٹ وار، مہاراشٹرا ، بہار کا بدلہ لینے تیار : سہیل

کانگریس کا مجلس پر پلٹ وار، مہاراشٹرا ، بہار کا بدلہ لینے تیار : سہیل

حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : مہاراشٹرا اور بہار میں جس طرح مجلس نے کانگریس کو نقصان پہونچانے کی مبینہ حکمت عملی تیار کی تھی ایسا لگتا ہے کہ اسی ڈگر پر کانگریس بھی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں مجلس کو نقصان پہونچانے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے ۔ اس بات کا اندازہ آج مجلس کے سینئیر قائد سابق کارپوریٹر فتح دروازہ ڈیویژن معراج محمد کی کانگریس میں شمولیت سے لگایا جاسکتا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس پارٹی مجلس کے مضبوط قلعہ پرانے شہر میں پارٹی کے جھنڈے لہرانے کے لیے خصوصی حکمت عملی کے ذریعہ کام کررہی ہے ۔ مجلس میں کئی قائدین پارٹی قیادت سے ناراض ہے ۔ دونوں امیدوار بنانے کے مسئلہ پر سابق کارپوریٹرس میں غیر یقینی صورتحال ہے اور کئی سابق کارپوریٹرس کو دوبارہ ٹکٹ نہ دینے کی افواہیں چل رہی ہیں ۔ جس سے مجلس کے کئی قائدین مایوس ہیں ۔ پرانے شہر میں متبادل نہ ہونے کی وجہ سے خاموش ہے  تاہم اس مرتبہ کانگریس پارٹی نے تنہا مقابلہ کرنے مجلس سے کوئی سیاسی اتحاد و مفاہمت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ چندرائن گٹہ میں ایک ریالی منظم کی ہے اور میلاد النبیؐ کے موقع پر چارمینار کے دامن سے میلاد ریالی کا استقبال کیا ۔ ان دونوں پروگرامس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی اور قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے شرکت کی ہے اور ان دونوں پروگرامس کا صدر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے انعقاد کرایا ہے ۔ کانگریس کی جانب سے پرانے شہر میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کے بعد مجلس کے سابق کارپوریٹر مسٹر معراج محمد نے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ۔ آج صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی قیام گاہ پہونچ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر کے علاوہ صدر گریٹر حیدرآباد مسٹر شیخ عبداللہ سہیل بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ فرقہ پرستوں کا کانگریس ہی مقابلہ کرسکتی ہے ۔ عدم روا داری کے خلاف کانگریس کے موقف سے متاثر ہو کر مجلس کے سابق کارپوریٹر مسٹر معراج محمد نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ پرانے شہر میں کانگریس کے وجود کو منوانے کے لیے پارٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ عوام کانگریس پر بھروسہ بھی کررہے ہیں ۔ مجلس کے سابق کارپوریٹرس کی کانگریس میں شمولیت اس کا ثبوت ہے ۔ پرانے شہر کے عوام بالخصوص مسلمانوں نے مجلس پر مکمل بھروسہ کیا لیکن مجلس نے پرانے شہر کی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے ۔ صرف جذباتی تقاریر کے دریعہ اپنا نجی اور سیاسی فائدہ اٹھایا ہے ۔ اب عوام میں شعور بیدار ہوچکا ہے ۔ کانگریس پارٹی پرانے شہر میں عوام کا اعتماد حاصل بھی کرے گی اور اس کو برقرار بھی رکھے گی ۔

TOPPOPULARRECENT