کانگریس کو اقتدار ملنے پر پرگتی بھون کو سرکاری ہاسپٹل بنایا جائے گا

کے سی آرنے تمام طبقات کو دھوکہ دیا ہے ، اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد /12 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے عوام سے وعدہ کیا کہ کانگریس کو کامیاب بنانے پر چیف منسٹر کی قیام گاہ پرگتی بھون کو سرکاری ہاسپٹل میں تبدیل کردیا جائے گا ۔ نظام شوگر فیاکٹری کا 100 دن میں احیا کیا جائے گا ۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل بھوپتی ریڈی نے آج ٹی آرا یس کی رکن زیڈ پی ٹی سی شوبھا صدر منڈل پرجا پریشد یادگیری 30 ایم پی ٹی سی اور 50 سابق سرپنچس کے ساتھ گاندھی بھون پہونچکر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ گاندھی بھون کے پرکاشم ہال میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ نگرانکار چیف منسٹر کے سی آر نے سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دیا ہے ۔ ترقیاتی کاموں کے معاملے میں ضلع نظام آباد کو نظر انداز کردیا ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے بعد ٹی ار ایس اقتدار میں کے سی آر کے ارکان خاندان نے عیش و عشرت کی زندگی گذاری ہے ۔ کسان ، دلتوں ، قبائیلوں ، اقلیتوں ، بی سی طبقات خواتین بیروزگار نوجوانوں اور طلبہ کی فلاح و بہبود کو فراموش کردیا گیا ۔ 9 ایکر اراضی پر 500 کروڑ روپئے کے مصارف سے کے سی ار نے اپنے لئے بلٹ پروف باتھ روم کے ساتھ پرگتی بھون تعمیر کرلیا ہے ۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی محل نما پرگتی بھون کو سرکاری ہاسپٹل میں تبدیل کردیا جائے گا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس کی دختر رکن پارلیمنٹ نظام آباد کو کویتا ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد اندرون 100 یوم نظام شوگر فیاکٹری کا احیاء کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ گذشتہ ساڑے چار سال کے دوران ٹی آر ایس حکومت نے نظام شوگر فیاکٹری کا احیاء کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جس پر کے سی ار اور کویتا ضلع نظام آباد کے عوام سے معذورت خواہی کریں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس کو ووٹ دیتے ہوئے حکومت تشکیل دینے کا موقع فراہم کرنے پر اندرون 100 یوم نظام شوگر فیاکٹری کا احیاء کرنے کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو عوام سے ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ ریاست کے عوام ٹی آر ایس کی حکومت سے بدظن ہیں اور انہیں سبق سکھانے کیلئے بڑی بے چینی سے 7 ڈسمبر کا انتظار کر رہے ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سارے تلنگانہ میں کانگریس کی لہر چل رہی ہے اور نظام آباد کے 9 اسمبلی حلقوں پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ ٹی آر ایس کے دور میں 4500 کسانوں نے خودکشی کی ہے ۔ مگر ٹی آر ایس کے کسی رکن اسمبلی نے متاثرہ کسانوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کرنا بھی گوارا نہیں کیا ہے ۔ جبکہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے ضلع عادل آباد میں 15 کیلومیٹر کی پد یاترا کرتے ہوئے متاثرہ کسانوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی 2 لاکھ روپئے تک کسانوں کے قرض معاف کردئے جائیں گے ۔ 17 بڑی کاشتوں کو اقل ترین قیمت ادا کی جائے گی ۔ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے 5000 کروڑ روپئے کا علحدہ فنڈ محتص کیا جائے گا ۔ تمام کسانوں کو 5 لاکھ روپئے تک حادثاتی انشورنس فراہم کیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT