Thursday , February 22 2018
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کو اقتدار پر بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3 ہزار وظیفہ

کانگریس کو اقتدار پر بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3 ہزار وظیفہ

کے سی آر حکومت نے 10 فیصد مخلوعہ جائیدادوں پر بھی تقررات نہیں کئے ۔ اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ 6 فروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کانگریس حکومت کی تشکیل پر بے روزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3,000 روپئے بیروزگاری بھتہ دینے کا اعلان کیا۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں 10% مخلوعہ جائیدادوں پر بھی تقررات نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ اسٹیڈی سرکل اسکام کی سی آئی ڈی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ آج گاندھی بھون میں نرود یوگا چیتنیہ یاترا کا جھنڈی دکھاکر آغاز کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر سیکریٹری اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج آر سی کنٹیا، ورکنگ پریسیڈنٹ ملوبٹی وکرامارک صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو سابق ایم پی انجن کمار یادو صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے موقع پر 1.07 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ تھی۔ گزشتہ چار سال میں 60 تا 70 ہزار ملازمین ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔ ریاست کے مختلف محکمہ جات میں تقریباً 2 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ چار سال کے دوران حکومت نے پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ صرف 7 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے جو مخلوعہ جائیدادوں کا صرف 10% ہے۔ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے ہر گھر کو ایک ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ نوجوانوں کو حسین سپنے دکھائے اور حکومت تشکیل دینے کے بعد روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے۔ گزشتہ چار سال کے دوران 5,000 فیکٹریز بند ہوگئیںجس سے بیروزگاری میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ اتم کمار نے ریاستی وزیر کے ٹی آر پر ’سوٹ بوٹ‘ زیب تن کرکے بیرونی ممالک کی سیر و تفریح میں سرکاری فنڈز کو ضائع کرنے الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت میں 12,000 ٹیچرس جائیدادوں پر تقررات کئے گئے تھے۔ ٹی آر ایس دور میں ایک بھی ٹیچر کا تقرر نہیں ہوا اور نہ ابھی تک ایک بھی ڈی ایس سی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جب بھی ریاست میں انتخابات ہونگے کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور سرکاری و خانگی سطح پر نوجوانوں کو لاکھوں ملازمین فراہم کرے گی ۔ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3,000 روپئے بیروزگاری بھتہ دیا جائے گا۔ انیل کمار یادو کی قیادت میں یہ یاترا 45 دن تک ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کریگی۔ اس موقع پر سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت محمد خواجہ فخرالدین بھی موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے اسٹڈی سرکل اسکام کی سی آئی ڈی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT