Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کو سیاسی وفاداریوں کی تبدیلی پر بات کرنے کا حق نہیں

کانگریس کو سیاسی وفاداریوں کی تبدیلی پر بات کرنے کا حق نہیں

کے سی آر کی کارکردگی کا مثبت اثر ، رکن اسمبلی ٹی آر ایس جے کرشنا راؤ کا میڈیا پوائنٹ پر خطاب

کے سی آر کی کارکردگی کا مثبت اثر ، رکن اسمبلی ٹی آر ایس جے کرشنا راؤ کا میڈیا پوائنٹ پر خطاب
حیدرآباد ۔ 17 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر مسٹر جے کرشنا راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی قائدین کو سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے پر بات کرنے کا اخلاقی حق نہیں ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی کارکردگی سے متاثر ہو کر جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر کئی ارکان اسمبلی تلنگانہ کی ترقی میں تعاون کرنے کے لیے رضا کارانہ طور پر ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر جے کرشنا راؤ نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کو نقصان پہونچانے کے لیے راج شیکھر ریڈی نے ٹی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کیا تھا ۔ واویلا مچانے والے کانگریس کے قائدین اس وقت خاموش تماشائی بنے رہے ۔ انہوں نے اس وقت سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کا خیر مقدم کیا ۔ آج غیر ضروری ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ایوان کا قیمتی وقت ضائع کررہے ہیں ۔ مسٹر جے کرشنا راؤ نے کہا کہ کانگریس کے قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی ، ڈپٹی فلور لیڈر مسٹر ٹی جیون ریڈی ، سابق وزیر مسز ڈی کے ارونا کے علاوہ دوسرے اور بھی قائدین تلگو دیشم سے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں ایسے قائدین کو سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف لب کشائی کرنے کا بھی اخلاقی حق نہیں ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ اور ٹی آر ایس پر الزام عائد کرنے والے قائدین پہلے اپنا محاسبہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے ابھی 6 ماہ بھی مکمل نہیں ہوئے کانگریس کے بشمول دوسری اپوزیشن جماعتیں ایک منظم سازش کے تحت ٹی آر ایس کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں اور حکومت کی نیک نامی کو متاثر کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ جب کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تمام قائدین کو جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر سنہرے تلنگانہ کی تعمیر کے لیے ٹی آر ایس حکومت سے مکمل تعاون کرنے کی ضرورت ہے ۔ ٹی آر ایس پر سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں ۔ 6 ماہ میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کئی اہم کام کئے ہیں جس سے متاثر ہو کر مختلف جماعتوں کے ارکان اسمبلی چیف منسٹر تلنگانہ کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لیے ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT