Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کو نشانہ بنانے پر وی ہنمنت راؤ کا شدید ردعمل و احتجاج

کانگریس کو نشانہ بنانے پر وی ہنمنت راؤ کا شدید ردعمل و احتجاج

تلنگانہ سکریٹریٹ کی منتقلی بدبختانہ
کانگریس کو نشانہ بنانے پر وی ہنمنت راؤ کا شدید ردعمل و احتجاج
حیدرآباد۔8فبروری(سیاست نیوز)حکومت تلنگانہ کی جانب سے موجودہ سکریٹریٹ کی منتقلی کے خلاف تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ کل جماعتی گول میز کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے پروفیسر کودنڈرام نے کہاکہ موجودہ سکریٹریٹ کی منتقلی ایک غیر واجبی اقدام اور سرکاری خزانہ پر بھاری بوجھ ہے ۔ کشادہ سڑکوں اور شہر کے بیچوں بیچ واقع موجود ہ سکریٹریٹ آنے کے لئے عوام کو کافی سہولتیں ہیں ۔ ایک عرصہ دراز سے این ٹی آر اسٹیڈیم‘ ڈی بی آر ملز‘ اور سکریٹریٹ کی زمین پر رائیل اسٹیٹ مافیا کی نظر ہے اور حکومت کے اس اقدام سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ حکومت رائیل اسٹیٹ مافیا کے سہولت کے لئے ہی یہ اقدام اٹھارہی ہے۔ پروفیسرکودنڈرام نے کہاکہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کے لئے حکومت کو جو خرچ آتا ہے اگر وہ پیسہ شہر کے بڑے سرکاری اسپتالوں کو عصری بنانے میںلگایا جائے مفید اقدام ہوگا ۔ سکندرا ٓباد کے بیسن پولو گروانڈ پر نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کے متعلق حکومت کی جو تجویز ہے اس سے وہاں کے مقامی لوگوں کو بھی اعتراض ہے ۔ برسوں سے لوگ وہاں پر چہل قدمی کرتے ہیں اور مقامی بچوں کے لئے شہر کے دوردراز مقامات سے آکر بھی نوجوان اپنے کھیل کود کے شوق کو اس میدان کے ذریعہ پورا کرتے ہیں ۔ ان حالات میںاگر حکومت سکریٹریٹ وہاں پر تعمیر کرتی ہے تو یہ عوامی خواہشات اور حقوق پر کارضرب ہوگا۔پروفیسر کودانڈرام نے کہاکہ بیگم ائیر پورٹ کی منتقلی سے قبل بیسن پولو گراونڈ سکندر آباد پر گھنٹوں تک ٹریفک جام رہتا تھا مگر ائیر پورٹ کی منتقلی کے بعد یہ مسئلہ حل ہوگیا ۔ اگر سکریٹریٹ کی تعمیر وہاں کی جاتی ہے تو ٹریفک کا مسئلہ دوبارہ پیدا ہوجائے گا۔کودنڈرام نے کہاکہ حکومت کو واضح کرنا چاہئے کہ سکریٹریٹ کی منتقلی کے بعد موجودہ سکریٹریٹ کی عمارت کا کیاکیاجائے گا۔سینئر کانگریس قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت رائو نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سکریٹریٹ کی منتقلی حکومت کا بدبختانہ اقدام ہوگا ۔ ہنمنت رائو نے کانگریس پارٹی پر طنز کرنے پر ریاستی وزیر پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیںیاددلایا کہ ان کے والد اور چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو خود ایک زمانہ میںیوتھ کانگریس کے صدر رہ چکے ہیں۔ ہنمنت رائو نے کہاکہ اگر کانگریس پر جس طرح کا الزام لگایا گیا وہ بھی اس میں شامل تھے ۔ ہنمنت رائو نے راہول گاندھی کو ’پپو‘ قراردینے کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جس کو کے ٹی آر پپو کہہ رہے ہیں اس سے وزیراعظم نریندر مودی کی نیند اڑ گئی ہے ۔ انہوں نے کے ٹی آر کے بیان کو بی جے پی کی خوشنودی حاصل کرنے کا ذریعہ بھی قراردیا۔ شریمتی جھانسی ‘ گوردھن ریڈی‘ جانکی راملو‘ گیلویا کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی اس گول میزکانفرنس سے خطاب کیا۔

TOPPOPULARRECENT