Thursday , January 17 2019

کانگریس کو وزیراعظم کی مبارکباد ، انکساری سے شکست قبول

عوام کا حکومت کو واضح پیغام : راہول ، 2019ء میں بی جے پی کا خدا حافظ : این سی پی

نئی دہلی ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کو اسمبلی انتخابات میں اس کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جو انتخابات میں عوام کے فیصلہ کو انکسار کے ساتھ قبول کرنے کیلئے تیار ہے جبکہ صدر کانگریس راہول گاندھی نے انتخابی نتائج سے حوصلہ پاکر کہا کہ انتخابی نتائج مودی حکومت کو عوام کا واضح پیغام ہیکہ وہ حکومت کے ساتھ خوش نہیں ہیں اور اب وقت آ گیا ہیکہ تبدیلی عمل میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی 2019ء کے عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب این سی پی نے انتخابی نتائج پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات منعقد کئے گئے تھے۔ نتائج سے خاص طور پر راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے انتخابی نتائج سے واضح طور پر ظاہر ہوتا ہیکہ جس تکبر کے ساتھ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت نے اپنی کارکردگی ظاہر کی تھی اسے خداحافظ کہنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2019ء کے عام انتخابات میں این ڈی اے کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا ہوگا۔ کچھ اسی قسم کے خیالات ظاہر کرتے ہوئے ایم این ایس کے صدر راج ٹھاکرے نے کہا کہ انتخابی نتائج آمرانہ طرزحکومت کے چہرہ پر ایک تھپڑ ہیں اور بی جے پی کو احساس ہونا چاہئے کہ آمرانہ طرزحکومت ہندوستان جیسے جمہوری ملک میں کارکرد نہیں ہوسکتا۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب بائیں بازو کی پارٹیوں نے انتخابی نتائج پر اپنے ردعمل میں آج کہا کہ عوام نے بی جے پی کی ناقص حکمرانی اور اس کے فرقہ پرست ایجنڈہ کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ نریندر مودی حکومت اور اس کی حلیف پارٹیوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ جمہوری طاقتیں بی جے پی کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہوچکی ہیں۔ آئندہ سال کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو اسی طرح کے سخت مقابلہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

چھتیس گڑھ میں 13 خاتون ارکان اسمبلی
رائے پور ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ اسمبلی میں 2018ء سے 13 خاتون ارکان اسمبلی ہوں گی جبکہ 2008ء اور 2013ء کے اسمبلی انتخابات میں علی الترتیب 10 اور 11 خواتین نے کامیابی حاصل کی تھی۔ موجودہ انتخابات میں 13 خاتون ارکان اسمبلی منتخب ہوئیں جن میں سے 9 کا تعلق اہم اپوزیشن کانگریس پارٹی سے ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT