Tuesday , October 16 2018
Home / Top Stories / کانگریس کی بس یاترا سے ٹی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار

کانگریس کی بس یاترا سے ٹی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار

برسر اقتدار جماعت کے پیروں تلے زمین کھسک گئی ‘ پرانے شہر میں سخت مقابلہ ہوگا ‘ اتم کمار ریڈی

حیدرآباد 3 مارچ ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے وائی ایس آر کانگریس کے قائدین کے ونئے ریڈی ، راج ٹھاکر ، رام کرشنا ریڈی ، ایس راج پال ریڈی اور ان کے سینکڑوں حامیوں کو کانگریس میں شامل کیا اور کہا کہ کانگریس قائدین کی گھر واپسی ہوئی ہے ۔ کانگریس کی بس یاترا سے ٹی آر ایس کے پیروں تلے زمین کھسک جانے کا دعویٰ کیا ۔ پرانے شہر میں کانگریس کے طاقتور امیدواروں کو میدان میں اتار کر مجلس سے مقابلہ کا عزم ظاہر کیا ۔ آج گاندھی بھون میں منعقدہ تقریب میں شہر کے علاوہ اضلاع رنگاریڈی ، نظام آباد کے وائی ایس آر کانگریس قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔ سابق وزیر ڈی ناگیندر نے صدارت کی ۔ دیگر مہمانوں میں قائد اپوزیشن تلنگانہ کونسل محمد علی شبیر سکریٹری اے آئی سی سی و سابق ایم پی مدھوگوڑ یشکی سابق وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی رکن اسمبلی ریونت ریڈی ، کانگریس قائد فیروز خاں صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں موجود راج شیکھر ریڈی کے حامیوں کو کانگریس میں شامل ہونے کی اپیل کی اور ساتھ ہی ونئے ریڈی اور راج ٹھاکر پر زور دیا کہ وہ کانگریس کے نمائندے بن کر 2014 میں وائی ایس آر کانگریس ٹکٹ پر مقابلہ کر چکے قائدین کو کانگریس میں شامل ہونے کی ترغیب دیں ۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میں مقیم آندھرا اور رائلسیما کے عوام سے خواہش کی کہ وہ کانگریس کا ساتھ دیں گذشتہ انتخابات میں کانگریس پر ناراضگی کااظہار کرکے تلگودیشم اور بی جے پی کی تائید تھی جن میں کئی ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شامل ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی بس یاترا سے ٹی آر ایس کے پیروں تلے زمین کھسک گئی ہے اور کے ٹی آر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ مشن بھاگیرتا کو کمیشن بھاگیرتا میں تبدیل کرکے 6 فیصد کمیشن حاصل کرنے کا کے ٹی آر پر الزام عائد کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پرانے شہر میں طاقتور امیدواروں کو اتارے گی اور مجلس کو اس کی سرزمین پر شکست دے کر اوقات یاد دلائے گی ۔ محمد علی شبیر نے کے ٹی آر پر اقتدار کے نشے میں گھمنڈ و تکبر کا شکار ہوجانے کا الزام عائد کیا ۔ کانگریس کی بس یاترا کے بعد نیند سے بیدار ہونے کا چیف منسٹر پر الزام عائد کیا ۔ رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے گھر واپسی کرنے والے قائدین کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ تمام قائدین کانگریس اسکول کے طالب علم ہیں ۔ چھٹیوں میں ادھر اُدھر چلے گئے تھے دوبارہ کانگریس اسکول میں لوٹ آئے ہیں ۔ ونئے ریڈی نے کہا کہ سماجی انصاف ، دلتوں ، اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی کانگریس واحد جماعت ہے ۔ راج ٹھاکر نے کہا کہ یہ پہلے مرحلے کی شمولیت ہے اور بھی کئی قائدین کانگریس میں شامل ہونے تیار ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT