Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کی شکست کیلئے پارٹی کے سینئیر قائدین ذمہ دار

کانگریس کی شکست کیلئے پارٹی کے سینئیر قائدین ذمہ دار

نارائن کھیڑ ضمنی انتخابات میں بھی شکست پر نندیشور گوڑ کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے سابق رکن اسمبلی مسٹر نندیشور گوڑ نے مسلسل پارٹی کی شکست کے لیے پارٹی کے سینئیر قائدین کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے قیادت میں تبدیلی نہ کرنے کی صورت میں بہار اور آندھرا پردیش جیسی صورتحال ہوجانے کے شکوک کا اظہار کیا ۔ اسمبلی حلقہ پٹن چیرو ضلع میدک کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے سابق رکن اسمبلی مسٹر نندیشور گوڑ نے نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی شکست پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شکست کے لیے پارٹی کے تمام سینئیر قائدین کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ کانگریس کے گڑھ میں شمار ہوتا ہے اور یہ کانگریس کی نشست ہے ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر پی کشٹا ریڈی کا اچانک انتقال ہوجانے پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے باوجود اس کے کانگریس پارٹی کو شکست ہوگئی ہے ۔ کانگریس کے قلعہ اور کشٹا ریڈی کی ہمدردی کی لہر ہوجانے کے باوجود کانگریس کی شکست سے تلنگانہ میں کانگریس کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔ ورنگل میں کانگریس کی ضمانت ضبط ہوگئی ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں 150 کے منجملہ کانگریس کو صرف 2 بلدی ڈیویژنس پر کامیابی حاصل ہوئی اور 100 سے زائد بلدی ڈیویژنس پر کانگریس امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوگئی ہیں ۔ پارٹی کی مسلسل شکست کے لیے پارٹی کے اہم قائدین ذمہ دار ہیں ۔ لہذا پارٹی ہائی کمان تلنگانہ کانگریس پر فوری توجہ دے ورنہ تلنگانہ میں بھی کانگریس کا آندھرا پردیش اور بہار جیسا حشر ہوجائے گا ۔ کانگریس پارٹی کی شکست کا اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے جائزہ لیا جائے ۔ کمزوریوں ، غفلت اور غلطیوں کی نشاندہی کی جائے ۔ پارٹی کی کامیابی کے لیے کام نہ کرنے والے قائدین کو عہدوں سے ہٹاتے ہوئے ان کی جگہ نوجوان قائدین کو قیادت کی ذمہ داری سونپی جائے ۔ پارٹی میں پائے جانے والے اختلافات گروپ بندیوں کو فوری دور کیا جائے ۔ پارٹی قائدین کے درمیان تال میل اور رابطہ پیدا کرتے ہوئے صرف پارٹی مفادات کو ترجیح دی جائے ۔ تب ہی کانگریس کا دوبارہ احیاء ممکن ہے اور کانگریس پارٹی عوام کا کھویا اعتماد حاصل کرسکتی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT