Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / کانگریس کی صدارت پر راہول کے 5 ڈسمبر کو فائز ہونے کا امکان

کانگریس کی صدارت پر راہول کے 5 ڈسمبر کو فائز ہونے کا امکان

تنظیمی انتخاب کے شیڈول کا کانگریس ورکنگ کمیٹی کی طرف سے اعلان
نئی دہلی ۔20 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس ورکنگ کمیٹی نے اپنی پارٹی کے آئندہ صدر کے انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کا یکم ڈسمبر سے آغاز ہوگا ۔ اس اعلان کے ساتھ ہی گجرات اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس کی صدارت پر اس کے موجودہ نائب صدر راہول گاندھی کے فائز ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ تنظیمی انتخابی شیڈول کے مطابق امیدوار یکم ڈسمبر سے پرچہ جات نامزدگی داخل کرسکتے ہیں جس کی آخری تاریخ 4 ڈسمبر ( سہ پہر 3بجے ) ہے ۔ جس کے بعد 5 ڈسمبر کو پرچوں کی تنقیح ہوگی اور اسی روز سہ پہر 3:30 بجے جائز امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائے گی ۔ کانگریس کے ذرائع نے کہاکہ راہول ہی اپنی پارٹی کے صدارتی عہدہ کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے واحد امیدوار ہوں گے اور سمجھا جاتا ہے کہ وہ اسی روز (5 ڈسمبر کو ) ہی پارٹی کے آئندہ صدر قرار دیئے جائیں گے ۔ 9 اور 14 ڈسمبر کو دو مرحلوں میں ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات سے قبل یہ انتخاب عمل میں آرہا ہے ۔ تاہم صدارتی انتخاب کیلئے پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 11 ڈسمبر مقرر کی گئی ہے ۔ ایک سے زائد امیدواروں کے میدان میں رہنے کی صورت میں بشرط ضرورت 16 ڈسمبر کو رائے دہی مقرر کی گئی ہے ۔ شیڈول کے مطابق 19 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کااعلان مقرر کیا گیا ہے۔ کانگریس کی سنٹرل الیکشن اتھاریٹی کے چیرمین مولاپلی رامچندرن نے سی ڈبلیو سی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان تفصیلات کا اعلان کیا ۔ ورکنگ کمیٹی کانگریس کا اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارہ ہے جس کے اجلاس کے آغاز پر اس کے ایک رکن مکھن لال فوتیدار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ۔ فوتیدار کا اس سال 5 ستمبر کو انتقال ہوا تھا وہ سابق وزیراعظم آنجہانی اندراگاندھی کے پرنسپل سکریٹری بھی تھے ۔ ذرائع کے مطابق راہول گاندھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں جہاں اس پارٹی کو 22 سال سے اقتدار سے باہر رہنے کے بعد اس مرتبہ حکمراں بی جے پی سے سخت مقابلہ درپیش ہے ، کانگریس کے ہر کارکن کو مخالف جماعت کی شکست کے لئے سخت محنت کرنے کا مشورہ دیا ۔ سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے علاوہ کانگریس کے تمام جنرل سکریٹریز نے بھی شرکت کی ۔ کانگریس کے تنظیمی انتخابات کی 31 ڈسمبر سے قبل تکمیل ضروری ہے کیونکہ الیکشن کمیشن نے اس پارٹی کو رواں سال کے اختتام تک تنظیمی انتخابات کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT