Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کی ضلعی و منڈل صدور کے انتخابات کیلئے شرائط سے دستبرداری

کانگریس کی ضلعی و منڈل صدور کے انتخابات کیلئے شرائط سے دستبرداری

25 اپریل تک منڈل و بلاک کمیٹیوں کی تشکیل ، ماہ مئی میں ضلعی صدور کا انتخاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ضلعی صدور کو انتخابات میں حصہ نہ لینے کی جو شرائط عائد کی گئی تھیں ۔ اس سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ہے ۔ 25 اپریل تک منڈل اور بلاک کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں آئے گی ، مئی کے پہلے ہفتے میں اضلاع صدور کا انتخاب کرلیا جائے گا ۔ 15 مئی تک پارٹی کی رکنیت سازی مہم چلائی جائے گی ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اضلاع کی تنظیم جدید کے بعد نئے اضلاع کے صدور کا انتخاب کرنے کے لیے سرگرم مشاورت کی گئی ۔ منڈل اور بلاک کمیٹیوں کی تشکیل کا 90 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے ۔ اضلاع صدور کے انتخاب پر 70 تا 80 فیصد پارٹی اور اضلاع کے سینئیر قائدین میں اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے ۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ تنظیمی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنا کانگریس کی حکمت عملی کا ایک حصہ ہے ۔ 15 مئی تک پارٹی رکنیت سازی کا کام مکمل ہوجائے گا ۔ ساتھ ہی پارٹی کے تمام سیلس اور ڈپارٹمنٹس کی بھی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔ اے آئی سی سی نے اضلاع صدور کو انتخابی میدان میں نہ اتارنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم پارٹی کے بیشتر قائدین نے اس کی مخالفت کی ہے ۔ جس کے بعد پارٹی نے فیصلہ پر نظر ثانی کی ہے اور پارٹی اضلاع صدور کو اسمبلی اور لوک سبھا کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹکٹ دینے سے اتفاق کیا گیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی تلنگانہ کی تیسری یوم تاسیس کے موقع پر تلنگانہ کا دورہ کرسکتے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT