Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کی من گھڑت باتوں سے عوام گمراہ نہیں ہوں گے

کانگریس کی من گھڑت باتوں سے عوام گمراہ نہیں ہوں گے

کانگریس حکومتوں میں کسان نظرانداز، بھانو پرساد ٹی آر ایس ایم ایل سی کا بیان
حیدرآباد 7 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کانگریس کی من گھڑت باتوں اور غلط بیانی پر ریاست تلنگانہ کے عوام ہرگز یقین نہیں کریں گے جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ کانگریس پارٹی نے کسانوں کے تعلق سے کبھی ہمدردی کا اظہار نہیں کیا۔ بلکہ ہمیشہ نظرانداز کرتی رہی جس کے نتیجہ میں ہی کسانوں نے کانگریس پارٹی کو گزشتہ انتخابات میں بہتر سبق سکھایا۔ اخباری نمائندوں سے تلنگانہ بھون میں بات چیت کرتے ہوئے مسٹر بھانو پرساد رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل ٹی آر ایس نے یہ بات کہی اور کانگریس پارٹی سے استفسار کیاکہ آیا سوامی ناتھن کمیٹی کی سفارشات پر اس وقت برسر اقتدار رہنے والی کانگریس حکومت نے کیوں توجہ نہیں دی۔ انھوں نے کہاکہ سابق حکومت میں جلا یگنم کو کانگریس نے ہی دھنا یگنم میں تبدیل کیا تھا۔ کبھی بھی کسانوں کو مقررہ وقت میں تخم و زرعی کھاد اور پانی فراہم نہیں کیا گیا۔ ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل نے دریافت کیاکہ آیا شیڈولڈ کاسٹس طبقات کی زمرہ بندی کو سابق میں مرکز اور ریاست میں برسر اقتدار رہتے ہوئے کانگریس حکومتوں میں کیوں انجام نہیں دیا گیا۔ انھوں نے کانگریس پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ آج کانگریس قائدین شیڈولڈ کاسٹ طبقات کی زمرہ بندی کے مسئلہ پر صرف زبانی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شیڈولڈ کاسٹس طبقات کے ساتھ مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ مسٹر بھانو پرساد ایم ایل سی نے سابق رکن پارلیمان نظام آباد مسٹر مدھو گوڑ یاشکی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور دریافت کیاکہ جب آپ رکن پارلیمان تھے تب نظام آباد میں ’’ہلدی بورڈ‘‘ منظور کرواکر کیوں قائم نہیں کروایا؟ اور آج صرف اور صرف رکن پارلیمان کے کویتا کی کوششوں سے ہی ہلدی بورڈ قائم کرنے کے لئے سرگرمیوں کا آغاز ہوا ہے۔ انھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئی اقدامات کررہی ہے جبکہ گجرات انتخابات میں کانگریس پارٹی نے کسانوں سے کئی وعدے کئے لیکن کسانوں نے کانگریس کی دھوکہ بازیوں پر مبنی وعدوں کو قبول نہیں کیا اور اسی طرح تلنگانہ میں کانگریس کی من گھڑت باتوں پر تلنگانہ کے عوام اور کسان یقین کرنے والے نہیں ہیں۔ 24 گھنٹے کسانوں کو مفت برقی سربراہی کی زبردست ستائش کرتے ہوئے مسٹر سوامی ناتھن نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو ستائشی مکتوب تحریر کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT