Tuesday , December 12 2017
Home / سیاسیات / کانگریس کے ادھورے کاموں کو این ڈی اے نے پایہ تکمیل کو پہنچایا

کانگریس کے ادھورے کاموں کو این ڈی اے نے پایہ تکمیل کو پہنچایا

مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کا دعویٰ

تروننتھاپورم 8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے آج بتایا ہے کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت اپنے ایک سالہ دور حکومت میں بیشتر وعدوں کو روبہ عمل لایا جبکہ کانگریس نے 60 سالہ دور حکومت میں ان وعدوں کی تکمیل سے قاصر رہی۔ انھوں نے بتایا کہ کانگریس نے کیرالا کیلئے ایک آئی ٹی آئی کا وعدہ کیا تھا لیکن کبھی اس کی تکمیل نہیں کی لیکن بی جے پی اپنے پہلے بجٹ میں آئی ٹی آئی کا اعلان کیا اور گزشتہ ہفتہ پالکھڈ میں اس کا آغاز بھی کردیا گیا۔ سمرتی ایرانی نے سابق مملکتی وزیر فروغ انسانی وسائل اور مقامی رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کانگریس کے وزیر نے ریاست کے لئے جو کام نہیں کیا تھا، وہ بی جے پی اندرون ایک سال پایہ تکمیل کو پہنچایا۔ انھوں نے بتایا کہ این ڈی اے کی دوسری بڑی کامیابی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) بل کی منظوری ہے جوکہ پیشرو یو پی اے حکومت کے دور میں پارلیمنٹ میں معرض التواء تھا۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ ان کی وزارت نے ملک گیر سطح پر سرکاری اسکولوں میں طلباء اور
طالبات کے لئے علیحدہ علیحدہ بیت الخلاؤں کی تعمیر نشانہ میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ سمرتی ایرانی نے کہاکہ میں یہ نہیں بتاسکتی کہ یہ کامیابی ہم نے کس طرح حاصل کی۔ جس کا اعلان 15 اگسٹ کو یوم آزادی کی تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔ انھوں نے وزیراعظم کے جن دھن پروگرام کی کامیابی پر بتایا کہ بعض گوشوں کی جانب سے عمل آوری پر شک و شبہ کا اظہار کیا گیا تھا لیکن اسکیم کے تحت بینکوں نے 20,700 کروڑ روپئے اکٹھا کئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت ملک کے 90 فیصد عوام کا احاطہ کیا گیا، اس طرح کی عظیم کامیابی کانگریس نے اپنے 60 سالہ دور حکومت میں حاصل نہیں کی۔

TOPPOPULARRECENT