Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کے تربیتی اجلاس میں کومٹ ریڈی برادران کی ہنگامہ آرائی سے کانگریس قائدین ناراض

کانگریس کے تربیتی اجلاس میں کومٹ ریڈی برادران کی ہنگامہ آرائی سے کانگریس قائدین ناراض

دونوں بھائیوں کے طرز عمل سے انچارج سکریٹری تلنگانہ پی سی سی آر سی کنٹیا بھی سخت ناراض
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کومٹ ریڈی برادرس کی کانگریس تربیتی اجلاس میں کی گئی ہنگامہ آرائی خود ان کے لیے سیلف گول ثابت ہورہی ہے ۔ کسی بھی پارٹی قائد نے ان کی تائید نہیں کی ہے ۔ انچارج سکریٹری تلنگانہ آر سی کنٹیا بھی دونوں بھائیوں اور ان کے حامیوں کی حرکت پر سخت ناراض ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ ہفتہ کو شمس آباد میں منعقدہ کانگریس کے تربیتی اجلاس میں کومٹ ریڈی برادرس کے حامیوں نے اپنے قائدین کو شہ نشین پر مدعو نہ کرنے پر نہ صرف احتجاج کیا بلکہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی تقریر کے دوران اتم ہٹاؤ کانگریس بچاؤ کے نعرے لگائے ۔ دونوں بھائیوں کی جانب سے اپنے حامیوں کو سمجھانے بجھانے کے بجائے وہ خود اجلاس سے واک آوٹ کر گئے جس کی وجہ سے کوئی بھی کانگریس قائد ان کی تائید کرنے کے لیے آگے نہیں بڑھا ہے ۔ چند قائدین نے بتایا کہ ہم بھی اپنی طاقت کا مظاہرہ کرسکتے ہیں تاہم پارٹی سے وفاداری اور ڈسپلن پر ہر قائد کو قائم رہنا چاہئے ۔ کومٹ ریڈی برادرس نے ابھی تک پارٹی کے کئی قائدین پر کھلے عام تنقید کی ہے ۔ اس ہنگامہ آرائی سے پارٹی ہائی کمان کے قائدین بھی ناراض ہونے کی اطلاعات وصول ہوئی ہے ۔ بالخصوص نئے انچارج آر سی کنٹیا کی نظروں کے سامنے ہنگامہ آرائی ہوئی ہے جس کا انہوں نے سخت نوٹ لیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانرگیس کمیٹی کے ایک سینئیر قائد نے بتایا کہ کانگریس پارٹی ایک حکمت عملی کے طور پر خاموش ہے کیوں کہ کومٹ ریڈی برادرس نے سیلف گول کرلیا ہے ۔ کانگریس پارٹی انہیں پارٹی سے معطل یا برطرف نہیں کرے گی جو بھی فیصلہ کرنا ہے دونوں بھائیوں پر منحصر ہے ۔ پارٹی ہائی کمان تک بھی بات پہونچ گئی ہے ۔ ہائی کمان کی بھی یہی رائے ہے ۔ پارٹی قیادت کی ذمہ داری دینے پر پارٹی کو اقتدار میں لانے کا دعویٰ کرنے والے دونوں بھائیوں کے خلاف کیا پارٹی کارروائی کرے گی یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔ کومٹ ریڈی برادرس کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اتم کمار ریڈی کی جانب سے کومٹ ریڈی برادرس کو ضلع نلگنڈہ اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی سطح پر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ کانگریس کے تربیتی کلاسیس میں دونوں بھائی دو گھنٹوں تک پارٹی کارکنوں کے درمیان بیٹھے رہے تاہم انہیں شہ نشین پر طلب نہیں کیا گیا جب کہ سب سے آخری میں پہونچنے والی رکن راجیہ سبھا رینوکا چودھری کو شہ نشین پر طلب کرتے ہوئے کومٹ ریڈی برادرس کی توہین کی گئی ۔۔

TOPPOPULARRECENT