Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کے حق میں حالات سازگار محمدعلی شبیر کا بیان

کانگریس کے حق میں حالات سازگار محمدعلی شبیر کا بیان

حیدرآباد 17 اکٹوبر (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے کہاکہ ریاست میں جب بھی انتخابات ہوں گے، کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ریونت ریڈی اور پروفیسر کودنڈا رام کی کانگریس میں شمولیت سے متعلق اطلاعات کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ اگر یہ سچ ہے تو کانگریس میں اُن کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ نظام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہاکہ ملک کے عوام بی جے پی سے بیزار ہوگئے ہیں اور کانگریس کے لئے ماحول سازگار ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے گرداس پور لوک سبھا ضمنی انتخاب، ناندیڑ میونسپل کارپوریشن انتخابات اور کیرالا میں کانگریس کی شاندار کامیابی کا حوالہ دیا اور کہاکہ یہ اِس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بی جے پی کا زوال شروع ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گجرات اور ہماچل پردیش کے انتخابات میں کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی۔ محمد علی شبیر نے کہاکہ جھوٹ بیانی اور وعدوں سے انحراف کے معاملہ میں نریندر مودی اور کے چندرشیکھر راؤ دونوں یکساں ہیں۔ قومی سطح پر جس طرح بی جے پی کی مقبولیت کا گراف گھٹ رہا ہے، تلنگانہ میں بھی ٹی آر ایس عوامی تائید سے محروم ہورہی ہے۔ ٹی آر ایس میں داخلی اختلافات اور گروپ بندیاں عروج پر ہیں جس کا فائدہ کانگریس کو ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT