Tuesday , February 20 2018
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کے قائدین اقتدار کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے

کانگریس کے قائدین اقتدار کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے

عام انتخابات میں ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت ملے گی: ایٹالہ راجندر
حیدرآباد 26 نومبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے کہاکہ جس طرح مچھلی پانی کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی، اسی طرح کانگریس کے قائدین اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے۔ 2019ء کے عام انتخابات میں بھی ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ کانگریس کو اصل اپوزیشن کا بھی موقف حاصل نہیں ہوگا۔ یدادری میں مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر فینانس نے کہاکہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی بستر مرگ پر ہے اور آکسیجن کے ذریعہ آخری سانس لے رہی ہے۔ صرف تین سال کے دوران چیف منسٹر کے سی آر نے تمام شعبوں میں تلنگانہ کو انقلابی ترقی دی ہے۔ کئی ایسی اسکیمات ہیں جس پر عمل آوری میں ریاست تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی، نیتی آیوگ کے علاوہ ملک کی کئی ریاستوں نے تلنگانہ کے ترقیاتی و تعمیری اور فلاحی اسکیمات کی ستائش کی ہے۔ کئی ریاستیں تلنگانہ کی اسکیمات کو اپنی اپنی ریاستوں میں روبہ عمل لارہی ہیں۔ یہاں تک کہ کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں کے عوامی منتخب نمائندوں اور عہدیداروں نے تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے ریاست کی اسکیمات کا جائزہ لیا ہے۔ لیکن تلنگانہ کے کانگریس قائدین اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ ہر اسکیم کو مخالفت کی عینک سے دیکھتے ہوئے اس طرح غلط سمجھ رہے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ترقیاتی و تعمیری کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لئے عدلیہ سے رجوع ہورہے ہیں مگر عوامی عدالت میں انھیں اس کی سزا بھگتنی پڑے گی۔ ریاست کے عوام ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ چیف منسٹر نے سماج کے تمام طبقات کے لئے فلاحی اسکیمات کو متعارف کراتے ہوئے ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کی جو پہل کی ہے، اس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور اسکیمات سے عوام کو بھرپور فائدہ ہورہا ہے۔ ریاست میں منعقدہ تمام انتخابات میں عوام نے کانگریس کے بشمول دوسری سیاسی جماعتوں کو شکست دی ہے۔ باوجود اس کے کانگریس نے ابھی تک اپنا محاسبہ نہیں کیا جس کی سزا انھیں 2019 ء کے انتخابات میں ملے گی۔

TOPPOPULARRECENT