راہول گاندھی کے صدر کل ہند کانگریس انتخاب پر گاندھی بھون میں جشن

کانگریس کے قائدین کی شرکت، مٹھائیوں کی تقسیم، آتشبازی

حیدرآباد ۔ 16 ڈسمبر (سیاست نیوز) راہول گاندھی کی پارٹی صدارت قبول کرنے پر گاندھی بھون میں کانگریس کے قائدین و کارکنوں نے زبردست جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور بڑے پیمانے پر آتشبازی کی۔ جیسے ہی دہلی میں راہول گاندھی نے کانگریس کی صدارت قبول کی کانگریس کے کئی قائدین گاندھی بھون پہنچ گئے اور راہول گاندھی زندہ آباد کے نعرے لگاتے ہوئے جشن منایا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین ترجمان جی نرنجن، سید نظام الدین صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ، شیخ عبداللہ سہیل سابق کارپوریٹر ایس محمد واجد حسین، محمد اعجاز الزماں کے علاوہ دوسرے قائدین اور پارٹی کارکنوں کی بھاری تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ایس کے افضل الدین نے سونیا گاندھی کی ملک اور پارٹی کیلئے خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی کی وجہ سے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل ممکن ہو پائی ہے۔ راہول گاندھی کے ساتھ کانگریس میں نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ملک کی نصف سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کا ملک بھر میں دوبارہ احیاء ہوگا اور ملک کے ہر ریاست میں کانگریس کا پرچم لہرایا جائے گا۔ جی نرنجن نے کہا کہ راہول گاندھی نے اپنی پہلی صدارتی تقریر میں اولڈ کانگریس کو ینگ و گولڈ بنانے کا اعلان کیا ہے اور فرقہ پرستوں کے خلاف آہنی دیوار بن کر کھڑے رہنے ملک کے سیکولرزم کا تحفظ کرتے ہوئے بی جے پی کی طرف سے پھیلائے گئے زہر کو پیار و محبت سے دور کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نفرت کا جواب محبت سے دینے کا وعدہ کرتے ہوئے اپنے عزائم کا اعلان کردیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT