Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کے منتخب عوامی نمائندوں کا اواخر جاریہ ماہ اجلاس

کانگریس کے منتخب عوامی نمائندوں کا اواخر جاریہ ماہ اجلاس

جئے رام رمیش اور کے راجو مہمانان خصوصی ، کانگریس تربیتی کمیٹی کا اجلاس ، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی 28 اگست کو کانگریس کے منتخب عوامی نمائندوں کے لیے تربیتی کیمپ کا اہتمام کرے گی ۔ کانگریس کے سینئیر قائد مسٹر جئے رام رمیش اور مسٹر کے راجو مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ آج گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی قیادت میں کانگریس تربیتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و صدر نشین تربیتی کلاس کمیٹی مسٹر پونم پربھاکر کے علاوہ دوسرے ارکان نے شرکت کی جس میں ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کانگریس کے مقامی اداروں سے منتخب نمائندوں کو خصوصی تربیت فراہم کرتے ہوئے دیہی سطح سے کانگریس کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے اور حکومت کی ناکامیوں کے تعلق سے ان میں شعور بیدار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی عدم دور اندیشی سے تلنگانہ کے عوام کئی مسائل سے دوچار ہیں ۔ ریاستی حکومت تشہیر پر اپنی میعاد تکمیل کررہی ہے ۔ 2014 کے عام انتخابات میں ٹی آر ایس کے انتخابی منشور سے کئے گئے ایک وعدہ کو بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر ہر مسئلہ پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کے دستوری حقوق کو پامال کررہے ہیں ۔ نا انصافیوں کے خلاف اٹھنے والی آواز کو پولیس کی طاقت سے دبایا جارہا ہے ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے ۔ عوام میں غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے ۔ اجلاس میں کانگریس کے ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی ارکان شرکت کریں گے ۔ اس تربیتی اجلاس میں سینئیر کانگریس قائدین کے علاوہ مختلف مسائل پر فوقیت رکھنے والے ماہرین کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT