Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کے پاس کوئی ایجنڈہ نہیں ٹی آر ایس حکومت پر الزامات بے بنیاد ۔ وزیر برقی کا بیان

کانگریس کے پاس کوئی ایجنڈہ نہیں ٹی آر ایس حکومت پر الزامات بے بنیاد ۔ وزیر برقی کا بیان

حیدرآباد۔6۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی کے پاس عوام سے رجوع ہونے کے لئے کوئی ایجنڈہ نہیں ہے۔ لہذا حکومت پر بے بنیاد الزام تراشی کو اختیارکیا گیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات سے عوام خوش ہیں اور اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں گزشتہ تین برسوں میں تلنگانہ ترقی کے معاملہ میں ملک میں سرفہرست ہوچکا ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں ترقیاتی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے تلنگانہ کے خلاف کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نلگنڈہ میں کانگریسی قائد کے قتل کے مسئلہ پر ٹی آر ایس رکن اسمبلی ویریشم کو ملوث کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ نکریکل سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی کا کانگریسی قائد کے قتل سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تحقیقات میں یہ واض ہوچکا ہے کہ قتل کرنے والوں کا تعلق بھی کانگریس پارٹی سے ہے۔ اس کے باوجود کانگریس قائدین الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل سے محرومی کے سبب کانگریس قائدین لاشعوں پر سیاست کر رہے ہیں ۔ نلگنڈہ میں جئے پال ریڈی اور جانا ریڈی جیسے قائدین نے جلسہ عام میں شرکت کی ۔ انہیں وضاحت کرنی چاہئے کہ آیا وہ مکمل معلومات کے بعد الزام لگا رہے ہیں یا پھر کانگریس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ میں کانگریس قائد سرینواس پر ٹی آر ایس میں شمولیت کے لئے کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا جس کا الزام کانگریس پارٹی عائد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مقتول کی بیوہ سے ٹی آر ایس قائدین کے خلاف الزامات عائد کئے گئے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس تشدد اور قتل کی سیاست پر ایقان نہیں رکھتی ، بلکہ وہ عوام کی خدمت میں اولین ترجیح دیتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT