Friday , April 27 2018
Home / Top Stories / کانگریس کے پلینری سیشن کا آج آغاز،قومی اُمورمرکز توجہ

کانگریس کے پلینری سیشن کا آج آغاز،قومی اُمورمرکز توجہ

نئی دہلی 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )انڈین نیشنل کانگریس کا کل سے یہاں شروع ہونے والادوروزہ اجلاس عام سابقہ موقعوں سے کئی لحاظ سے مختلف ہوگا جس میں بی جے پی کو انتخابی شکست دینے کے لئے مستقبل کے ممکنہ اتحاد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس میں نئی سوچ کے فروغ پر خاص توجہ دینے اور کانگریس پارٹی میں تجربہ کار اور نوجوان لیڈروں کا موثر
امتزاج پیدا کر نے کے لئے اس اجلاس میں پارٹی لیڈروں کے بجائے امور پر توجہ دی جائے گی تاکہ پارٹی اپنے سیکولر انداز فکر سے عملی استفادہ کے ذریعہ نئی بلندیوں کوچھوسکے۔ اجلاس کے پہلے دن پارٹی صدر کے عہدے پر راہول گاندھی کے انتخاب کی توثیق بھی کی جائیگی۔کانگریس کے سنیئر لیڈر م افضل نے بتایا کہ اجلاس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جس میں کانگریس کے نئے صدر راہول گاندھی پارٹی کا ویژن دستاویز پیش کریں گے جس سے لوک سبھا اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کا خاکہ تیار کرنے میں مدد لی جائے گی۔انہوں نے یو این آئی کو بتایا کہ اس اجلاس میں بی جے پی کو انتخابی شکست دینے کے لئے مستقبل کے ممکنہ اتحاد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس لحاظ سے اس اجلاس کو پارٹی اجلاس کے سلسلے کی محض ایک کڑی پر محمول نہ کیا جائے ۔پارٹی کا اس نوعیت کا پچھلا اجلاس 2010میں دہلی میں ہی منعقد ہواتھا۔افضل نے بتایا کہ اس اجلاس میں جو کئی لحاظ سے تاریخی ہوگا ملک کی سبھی ریاستوں اور اضلاع سے کانگریس کارکنان، ورکنگ کمیٹی کے ارکان اور مدعوئین حصہ لیں گے ۔اجلاس میں پارٹی ملک کی ترقی کا ایک نیا اور رفتار زمانہ سے ہم آہنگ خاکہ بھی پیش کرنے جا رہی ہے جس میں بے روزگاری اور کسانوں کے مسائل سے نمٹنے کے ساتھ نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے ذریعہ ملک کی تقدیر بدلنے کا متحمل بنانے پر غور کیا جائے گا۔اُنھوں نے یہ موضوع بھی اٹھایا اور کہاکہ نوجوانوں کو روزگار اور کسانوں کو ان کا حق ملنا چاہئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ روایتی اسٹیج شو کو سابقہ موقعوں کی طرح اہمیت نہیں دی جائے گی۔ ممکن ہے کہ صدر کانگریس بھی تقریر کے وقت ہی اسٹیج پر نظر آئیں۔

TOPPOPULARRECENT