Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کے ہاتھوں بی جے پی ، مجلس اور شیوسینا کو شکست

کانگریس کے ہاتھوں بی جے پی ، مجلس اور شیوسینا کو شکست

بہار ، اترپردیش کے بعد ناندیڑ سے مجلس کی گھر واپسی ، شیخ عبداللہ سہیل
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے ناندیڑ کے بلدی انتخابات پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے بی جے پی ۔ مجلس اور شیوسینا کو دھول چٹا دی ہے ۔ بہار ۔ اترپردیش کے بعد ناندیر سے بھی اویسی برادرس کی گھر واپسی ہوگئی ہے ۔ ناندیڑ میں کانگریس کی تاریخی کامیابی پر گاندھی بھون میں جشن منایا گیا ۔ انہوں نے ناندیڑ میں کانگریس کی شاندار کامیابی پر عوام بالخصوص مسلمانوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے فرقہ پرست جماعتوں کا خاتمہ کرتے ہوئے دوبارہ سیکولرازم کا احیاء کرنے کی طرف مثبت قدم بڑھایا ہے ۔ نریندر مودی کے وزیراعظم بن جانے کے بعد ملک میں فرقہ پرستی کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔ گاؤ کشی ، لو جہاد وغیرہ کے نام پر ملک میں انتشار پھیلایا جارہا ہے ۔ اقلیتوں دلتوں اور قبائیلیوں پر حملے کئے جارہے ہیں ۔ جب کہ مجلس کے قائدین تماشہ دیکھ رہے ہیں ۔ صدرمجلس نے ناندیڑ میں کیمپ کرتے ہوئے کانگریس کے خلاف جھوٹے بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں ۔ ناندیڑ کے مسلمانوں نے متحد ہو کر کانگریس کو شاندار کامیابی دلاتے ہوئے مہمانوں کو خالی ہاتھ حیدرآباد لوٹا دیا ہے ۔ عوام نے فرقہ پرستی کا زہر اگلنے والی ہر جماعت کو سبق سکھاتے ہوئے کانگریس کے سیکولرازم پر مکمل بھروسے کا اظہار کیا ہے ۔ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل کی گجرات میں راجیہ سبھا نشست سے کامیابی کے بعد سے ملک میں بی جے پی اور دوسری فرقہ پرست طاقتوں کا زوال شروع ہوگیا ہے ۔ آج ناندیڑ میں کانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ آئندہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کی آبائی ریاست گجرات میں بھی کانگریس پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔ بہار اور اترپردیش کے بعد ناندیڑ کے عوام نے بھی مجلس کو سبق سکھایا ہے ۔ ماضی میں ناندیڑ کے عوام نے مجلس پر تھوڑی مہربانی کی تھی لیکن اس مرتبہ مکمل صفایا کردیا ہے ۔ حیدرآباد میں مجلس سے مقابلہ کیلئے کانگریس پارٹی پوری طرح تیار ہے اور بہت جلد پرانے شہر میں انتخابی تیاریاں کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا جائیگا ۔ ناندیڑ میں کانگریس کی شاندار کامیابی پر کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں جشن منایا گیا ۔ بڑے پیمانے پر آتشبازی کی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئی ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT