کانگریس ہیڈکوارٹرز پر جشن فتح، آتشبازی اور مٹھائی تقسیم

’راہول گاندھی آئندہ وزیراعظم‘ کانگریس کارکن کا بیانر مرکز توجہ

نئی دہلی ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے قائدین اور کارکنوں نے چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں اپنی پارٹی کی شاندار کامیابیوں پر دہلی میں زبردست جشن منایا۔ پرجوش کارکنوں نے ایک دوسرے کو گلال لگاتے ہوئے آتشبازی کی۔ کانگریسی کارکنوں کی کثیر تعداد اپنی پارٹی کے پرچم لہراتے ہوئے ہیڈکواٹرز پر جمع ہوئی اور بی جے پی زیراقتدار تین ریاستوں میں اپنی فتح کیلئے راہول گاندھی کی قیادت کی ستائش کی۔ ان کارکنوں نے مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے کانگریس کے دفتر کی دیواروں پر راہول گاندھی کے بڑے پوسٹرس چسپاں کیا۔ کانگریس کے قائدین اور کارکن وقفہ وقفہ سے راہول گاندھی زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ یہاں یہ بات بھی دلچسپ ہیکہ کانگریس کے ایک کارکن نے ایک بیانر نصب کیا جس پر ’’راہول گاندھی آئندہ وزیراعظم‘‘ درج تھا۔ یہ بیانر مرکز توجہ بنا رہا۔ نوجوت سدھو اور پرینکا چترویدی اور دیگر کئی قائدین بھی 24 اکبر روڈ پر واقع کانگریس ہیڈکوارٹرز پر جشن منانے والے کارکنوں کے ساتھ شامل ہوگئے اور تین ریاستوں میں اپنی پارٹی کی فتح پر خوشی کا اظہار کیا۔

راہول گاندھی بھرپور ستائش کے مستحق : ملند دیورا
ممبئی ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر ملند دیورا نے اسمبلی انتخابات کے نتائج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کے سربراہ راہول گاندھی جو ماضی میں شکستوں کیلئے موردالزام ٹھہرائے جاتے رہے ہیں اب مساویانہ حد تک بھرپور ستائش کے مستحق ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کانگریس کو راجستھان اور چھتیس گڑھ میں واضح اکثریت حاصل ہوچکی۔ مدھیہ پردیش میں کانٹے کے مقابلے کے باوجود حکمراں بی جے پی پر سبقت حاصل کرچکی ہے۔ جنوبی ممبئی کے ساتھ سابق رکن لوک سبھا ملند دیورا نے مزید کہا کہ مندر ۔ مسجد کی سیاست انتخابات میں بلکہ محض ٹیوی پروگراموں میں جیت حاصل کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ماضی میں کانگریس کی شکستوں پر راہول گاندھی کو تنقیدوں کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے اور اب وہ مساویانہ حد تک ستائش اور گلدستوں کے مستحق ہیں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT