Wednesday , April 25 2018
Home / شہر کی خبریں / کتہ گوڑم میں واقع وقف شاپنگ کامپلکس کمیٹی کے نئے انتخابات

کتہ گوڑم میں واقع وقف شاپنگ کامپلکس کمیٹی کے نئے انتخابات

ووٹر لسٹ کی تیاری کیلئے عہدیداروں کی ٹیم روانہ کرنے کی ہدایت،وقف بورڈکا فیصلہ
حیدرآباد۔14۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے کتہ گوڑم ضلع کھمم میں واقع وقف شاپنگ کامپلکس کی کمیٹی کیلئے نئے انتخابات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کی ٹیم جمعرات کو روانہ ہوگی۔ وقف شاپنگ کامپلکس کی کمیٹی کا تنازعہ ہائی کورٹ تک پہنچ گیا تھا اور احکامات پر عمل نہ کرنے کے نتیجہ میں چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ کے ریوالونگ فنڈ سے کامپلکس کی تعمیر عمل میں آئی اور کمیٹی کی تشکیل کے سلسلہ میں معاملہ عدالت میں پہنچا۔ ہائی کورٹ نے وقف بورڈ کو ہدایت دی تھی کہ وہ انتخابات منعقد کریں لیکن سابق عہدیدار مجاز نے انتخابات کے بجائے کمیٹی کے ایک پیانل کو منظوری دیدی جبکہ مخالف پیانل نے توہین عدالت کی درخواست ہائیکورٹ میں پیش کردی۔ مقامی رکن اسمبلی جلگم پرساد راؤ نے آج وقف بورڈ پہنچ کر عہدیداروں پر ناراضگی ظاہر کی اور صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم سے خواہش کی کہ جلد سے جلد انتخابات کرائے جائیں۔ محمد سلیم نے ووٹر لسٹ کی تیاری اور انتخابات کیلئے عہدیداروں کی ٹیم روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ انتخابات کا عمل 8 دن میں مکمل کرلیا جائے گا۔ بورڈ کی جانب سے پہلے منظورہ کمیٹی کو تحلیل کرنے کے بعد ہائی کورٹ نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کو روک دیا۔ واضح رہے کہ شاپنگ کامپلکس پر کنٹرول کیلئے کتہ گوڑم میں دو گروپس میں مسابقت جاری ہے۔

TOPPOPULARRECENT