Thursday , December 14 2017
Home / سیاسیات / کجریوال نے ریاستی موقف کا مسودہ قانون جاری کردیا

کجریوال نے ریاستی موقف کا مسودہ قانون جاری کردیا

چیف منسٹر دہلی کی عوام سے رائے طلبی ، وزیراعظم سے ملاقات بھی متوقع
نئی دہلی ۔ 18 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز کے ساتھ تصادم کے ایک اور امکان کی راہ کھولتے ہوئے دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت نے آج ایک مسودہ قانون جاری کردیا جس میں دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ پولیس ، اراضی اور دفتر شاہی پر قابو پایا جاسکے ۔ اس سلسلے میں عوام سے 30 جون تک رائے طلب کی گئی ہے ۔ ایک کل جماعتی اجلاس اس مسئلہ پر منعقد کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے کہا کہ حریف بی جے پی اور کانگریس سے باہمی اختلافات بالائے طاق رکھ کر بی جے پی کے انتخابی منشور کے اندراجات پر عمل کرنے کی خواہش کی جائے گی جبکہ بی جے پی نے دہلی کو ریاست کا درجہ دینے کا تیقن دیا تھا ۔ اس مسئلہ پر بی جے پی کافی جدوجہد کرچکی ہے ۔ مستقل طورپر یہ مسئلہ اُٹھاتی رہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے تو صرف اس کی یکسوئی کیلئے اس مسودہ قانون پر عوام کی رائے طلب کی ہے ۔ اروند کجریوال نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس سوال کے جواب میں کہ عام آدمی پارٹی کے مسودہ قانون کو مرکز کی جانب سے مسترد کرنے پر کیا لائحہ عمل ہوگا ؟ یہ تبصرہ کیا ۔ انھوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ، قومی صدر بی جے پی امیت شاہ اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مکتوبات روانہ کرچکے ہیں تاکہ اس مسودہ قانون کی تائید حاصل کی جاسکے جو اعلیٰ سطحی این ڈی ایم سی علاقہ کو اپنے دائرہ کار سے باہر رکھتا ہے ۔ 30 جون کے بعد مسودہ قانون کو قطعیت دی جائے گی ۔ بعد ازاں دہلی اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کی جائے گی جو دستور میں ترمیم کیلئے ضروری ہوتی ہے ۔ اس کے بعد منظورہ قرارداد مرکز کو روانہ کی جائے گی اور دہلی حکومت کی ویب سائیٹ پر بھی شائع کی جائے گی ۔ اس طرح کانگریس اور بی جے پی کا دیرینہ خواب بھی شرمندۂ تعبیر بھی ہوسکتا ہے ۔ کجریوال کے ہمراہ کانفرنس میں ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیہ بھی موجود تھے ۔ امکان ہے کہ مرکز سے مسودہ قانون پر جواب حاصل ہونے سے قبل کجریوال وزیراعظم مودی سے ملاقات بھی کریں گے ۔ اپنی دلیل کو تقویت دینے کیلئے کجریوال نے 1993 ء سے 2014 ء تک بی جے پی قائدین کے انتخابی تیقنات اور مرکزی وزیرمملکت برائے داخلہ کرن رجیجو کے دہلی کو ریاست کا درجہ عطا کرنے کے تیقن کا بھی حوالہ دیا ۔ ایل کے اڈوانی 2003 ء میں پارلیمنٹ میں دہلی کو مکمل ریاست کا مرتبہ دینے کا بل پیش کرچکے ہیںجسے اسٹانڈنگ کمیٹی سے رجوع کیا گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT