Monday , December 18 2017
Home / Top Stories / کجریوال پر خاتون نے سیاہی پھینکی

کجریوال پر خاتون نے سیاہی پھینکی

جفت طاق اسکیم کامیاب بنانے پر چیف منسٹر دہلی کا عوام سے اظہار تشکر
نئی دہلی ۔ /17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال پر آج ایک نوجوان خاتون نے سیاہی پھینک دی ۔ دہلی میں جفت ۔ طاق اسکیم کی کامیابی کے جشن کے طور پر عوامی ریالی کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا ۔ عام آدمی پارٹی حکومت نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے بی جے پی کی سازش قرار دیا ۔ اس کے علاوہ پولیس کی سکیورٹی کوتاہی پر بھی تنقید کی ۔ اس خاتون کی بھاونا ارورہ کی حیثیت سے شناخت کی گئی جو آؤٹر دہلی کے روہنی سب سٹی کی ساکن ہے ۔ اروند کجریوال جس وقت تقریر کررہے تھے وہ چپکے سے ان کے قریب پہونچی اور پہلے کچھ کاغذات ان کی طرف لہرائے اور اس کے بعد سیاہی پھینک دی ۔ کجریوال کے گالوں اور ان کے قریب ٹھہرے دیگر افراد کے چہروں پر بھی سیاہی کے نشان پڑگئے تھے ۔ بعد ازاں کجریوال کو چہرہ صاف کرتے دیکھا گیا ۔ یہ خاتون عام آدمی سینا پنجاب یونٹ کی رکن بتائی گئی جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا اور پوچھ تاچھ کیلئے ماڈل ٹاؤن پولیس اسٹیشن لے گئی ۔ اس سلسلے میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔ دہلی پولیس نے اس 26 سالہ خاتون کو گرفتار کرنے کیلئے ڈیوٹی مجسٹریٹ سے اجازت طلب کی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دہلی پولیس اور بی جے پی پر شدید تنقید کی ۔ اس کے جواب میں دہلی بی جے پی صدر ستیش اپادھیائے نے کہا کہ یہ پہلے سے طئے شدہ منصوبہ لگ رہا ہے ۔ سیاہی پھینکنے کے بعد کجریوال کو اپنی تقریر تقریباً 7 منٹ کیلئے روک دینی پڑی ۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی ملک میں یا دہلی میں کوئی اچھا کام کیا جاتا ہے تو بعض طاقتیں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کرتی ہیں ۔ انہوں نے اپنی تقریر میں جفت طاق اسکیم کو کامیاب بنانے پر عوام کا شکریہ ادا کیا ۔

TOPPOPULARRECENT