Thursday , January 18 2018
Home / شہر کی خبریں / کراپ لون اور آٹو رکشا ٹیکس کی عنقریب معافی

کراپ لون اور آٹو رکشا ٹیکس کی عنقریب معافی

اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے پانچ سال میں ایک لاکھ کروڑ روپئے کے قرض کی تجویز: کے سی آر

اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے پانچ سال میں ایک لاکھ کروڑ روپئے کے قرض کی تجویز: کے سی آر
حیدرآباد۔/4جون، (سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر کالوا کنٹلہ چندر شیکھر راؤ ( کے سی آر ) نے آج یہاں اعلان کیا کہ فصل پر دیئے جانے والے 12ہزار کروڑ روپئے کے قرض اور آٹو رکشاؤں پر عائد ٹرانسپورٹ ٹیکس بہت جلد معاف کردیئے جائیں گے۔ کے سی آر جو آج شام ضلع میدک میں اپنے حلقہ انتخاب گجویل میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے کہا کہ اندرون چند یوم آٹو رکشاؤں پر عائد ٹرانسپورٹ ٹیکس معاف کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 12ہزار کروڑ روپئے مالیتی فصلوں پر دیئے جانے والے قرض ( کراپ لون ) معاف کردیئے جائیں گے جس سے کم سے کم 22لاکھ کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔

کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ان کی حکومت آئندہ پانچ سال کے دوران درج فہرست طبقات، درج فہرست قبائیل، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کرے گی جس کے منجملہ 50,000 کروڑ روپئے درج فہرست طبقات و قبائل کی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں پر خرچ کئے جائیں گے مابقی 50,000 کروڑ روپئے مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جائیں گے۔ کے سی آر نے کہا کہ گجویل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی قائم کی جائے گی۔ گجویل کی ترقیاتی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے پہلے ایک اسپیشل آفیسر کا تقرر کیا جاچکا ہے جبکہ چیف منسٹرس کیمپ آفس میں بالخصوص گجویل کیلئے ایک اسپیشل پرسنل اسسٹنٹ مقرر کیا جائے گا۔ ٹی آر ایس کی گجویل مقامی یونٹ کی جانب سے منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ وہ پسماندہ تلنگانہ کو ایک سنہری تلنگانہ میں تبدیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے جن امیدوں کے ساتھ ٹی آر ایس کو اقتدار عطاء کیا ان پر کھرا اُترنے کی کوشش کی جائے گی۔ ٹی آر ایس حکومت یہ اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے کہ تلنگانہ عوام کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور پر من و عن عمل آوری کے ذریعہ تمام طبقات کی یکساں ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں سیاسی کرپشن اور نظم و نسق میں کرپشن دونوں کا خاتمہ کرنے کا عہد کرچکے ہیں کیونکہ ان کا ایقان ہے کہ سیاسی کرپشن کے خاتمہ تک ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سیاسی کرپشن میں ملوث افراد چاہے وہ کتنے بڑے رتبہ کے کیوں نہ ہوں

اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ ریاست میں کے جی تا پی جی مفت معیاری تعلیم کی فراہمی سے متعلق اپنے وعدہ کا اعادہ کیا اور کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت کی نگہداشت کیلئے ہر ضلع میں حیدرآباد کے نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسس ( نمس ) کے خطوط پر دواخانے اور طبی ادارہ قائم کئے جائیں گے۔ ہر ریونیو منڈل میں 30بستروں پر مشتمل ہاسپٹل قائم کیا جائے گا، ہر اسمبلی حلقہ میں کارپوریٹ سطح کا ایک دواخانہ بھی حکومت کے منصوبہ میں شامل ہے۔ چندر شیکھر راؤ نے کسانوں کو تیقن دیا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران حاصل کئے گئے ایک لاکھ روپئے تک کے زرعی قرض معاف کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے موجودہ 10 اضلاع کی تعداد آنے والے دنوں میں بڑھ کر 24ہوجائے گی۔ گجویل پہونچنے پر عوام کی جانب سے کے سی آر کا شاندار استقبال کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT