Monday , June 18 2018
Home / کھیل کی خبریں / کراچی ایرپورٹ پر حملہ، پاکستان میں ہاکی کی واپسی کو نقصان

کراچی ایرپورٹ پر حملہ، پاکستان میں ہاکی کی واپسی کو نقصان

دی ہیگ۔ 10؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ اتوار کی شب کراچی ایرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملوں کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی مقابلوں کی بحالی کو ایک بار پھر شدید دھکا لگا ہے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول اور سکریٹری رانا مجاہد جو ہالینڈ میں غیر ملکی ٹیموں اور ایف آئی ایچ کو پاکستان آنے کی دعوت دے رہے تھے، اب انھوں نے لب کشائی سے گریز کرلیا ہے اور ہندوستانی ہاکی ٹیم کی20 جون کو پاکستان آمد پربھی سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ پی ایچ ایف اور ہاکی انڈیا کے درمیان معاہدہ کے تحت تین میچوں کی سیریز کے مقابلے کراچی، لاہور اور فیصل آباد میں کھیلے جانے تھے۔ ہاکی ورلڈکپ میں شریک ممالک کی ٹیم انتظامیہ اور

ایف آئی ایچ کے عہدیداروں میں پاکستان کے حالات زیر بحث رہے۔ ایف آئی ایچ ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر لینڈرو نیگرے جنہوں نے گزشتہ روز پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی مقابلوں کی بحالی کا اشارہ دیا تھا، لیکن پاکستان کے موجودہ حالات کے باعث انہوں نے بھی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی شروع کردی ہے جس کے بعد لگتا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کے مقابلوں کے انعقاد کی تمام کوششیں دم توڑ گئی ہیں۔ حملے کے باعث پولینڈ اور ارجنٹینا نے پاکستان میں ہاکی کھیلنے کو سکیوریٹی سے مشروط قرار دیدیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ دی ہیگ میں ہونیوالے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستانی پرائم منسٹر گولڈ کپ ہاکی ٹورنمنٹ اور سکیوریٹی کے معاملات کو زیربحث لایا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT