Friday , November 16 2018
Home / کھیل کی خبریں / کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کا انعقاد خوش آئند:سرفراز

کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کا انعقاد خوش آئند:سرفراز

شارجہ۔15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں9 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ سیریز کا ہونا سنگ میل ہے۔ کراچی والوں کی طرح میں بھی خوش ہوں، کوشش کروں گا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم عالمی چیمپئن کو شکست دے اور عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک مقام کو برقرار رکھے۔ کراچی کے لوگ طویل عرصے بعد دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھیں گے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دنیا کی بہترین اور ٹی ٹوئنٹی کی خطرناک ٹیم ہے، سیریز سخت ہوگی۔ گھریلو میدان ہونے کے باوجود ہم کسی خوش فہمی میں مبتلا نہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان میں بتدریج انٹر نیشنل کرکٹ بحال ہورہی ہے میں اور میرے ساتھی کوشش کررہے ہیں کہ بیرونی کرکٹرز کو پاکستان آنے کے لئے قائل کریں۔ امید ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں سے ملک میں کرکٹ پوری طرح بحال ہوجائے گی۔ لیکن مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میرے شہر کراچی میں طویل عرصے بعد انٹر نیشنل میچ ہورہے ہیں۔ اس موقع پر میں اپنے شہریوں سے کہوں گا کہ وہ مثالی نظم وضبط دکھائے۔ سوپر لیگ فائنل کے بعد ویسٹ انڈیز کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کا ہونا بڑی بات ہے۔ میں خود بھی پوری دنیا میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے بعد دس سال بعد کراچی میں بڑا میچ کھیلوں گا۔ سیریز ہمارے لئے آسان نہیں ہوگی کوشش کریں گے کہ ویسٹ انڈیز کو شکست دیں۔ نیوزی لینڈ کے آخری دو میچوں میں ٹیم نے جس طرح کی کارکردگی دکھائی تھی ویسی کارکردگی دکھاکر جیتنا چاہتے ہیں۔ تاہم رومان رئیس کا ان فٹ ہونا بری خبر ہے۔ پاکستان سوپر لیگ فائنل کے بعد کراچی میں مختصر کیمپ لگانے کی تجویز ہے اسی دوران کھلاڑیوں کی فٹنس دیکھ کر ٹیم تشکیل دیں گے۔ سوپر لیگ میں کئی نوجوان کھلاڑیوں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ سلیکٹرز ان پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ یقینی طور پر اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی پاکستان ٹیم میں آئیں گے۔ کیون پیٹرسن اور شین واٹسن سے پاکستان جانے کیلئے بات ہورہی ہے۔ ان دونوں سمیت دیگر کھلاڑیوں سے بات چیت چل رہی ہے۔ بنگلہ دیش کے محمود اللہ ریاض پلے آف کے لئے آئیں گے۔ رچرڈ کو قائل کررہے ہیں تاہم افغانستان کے راشد خان کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT