Wednesday , November 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / کراچی کنگز ناکام، پشاور زلمی فائنل میںداخل

کراچی کنگز ناکام، پشاور زلمی فائنل میںداخل

لاہور۔22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان سوپر لیگ کے تیسرے پلے آف میں کامران اکمل کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 13 رنز سے شکست دے کر متواتر دوسرے سال ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے تیسرے پلے آف میں کراچی کنگز کے قائم مقام کپتان محمد عامر نے ٹاس جیت کر زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی لیکن ان کا فیصلہ انتہائی مہنگا ثابت ہوا۔میچ سے قبل بارش کی وجہ سے مقابلہ تاخیر کا شکار ہوا اور میچ کو 16 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔اوپنرز کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے جارحانہ انداز اپنایا اور اپنی ٹیم کو 9 اوورز میں 107 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔کامران اکمل نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور17 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ایونٹ کی تیز ترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔کراچی کنگز کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب جو ڈینلی کے باؤنڈری پر شاندار کیچ نے 34 رنز بنانے والے فلیچر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔کنگز کو دوسری کامیابی کے لیے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے کامران اکمل چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے لیکن آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 27 گیندوں پر 8 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے۔کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد زلمی کے بیٹسمین اس رفتار سے بیٹنگ نہ کر سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے اور لیام ڈاسن اور محمد حفیظ کی اننگز فی کس 13 رنز تک محدود رہی۔کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز ہی بنا سکی اور پشاور زلمی نے 13 رنز سے فتح حاصل کر کے متواتر دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کا 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں پی ایس ایل کے پہلے ایونٹ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ ہو گا۔کامران اکمل کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT