Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / کرسمس تہوار کیلئے 15 کروڑ روپئے جاری

کرسمس تہوار کیلئے 15 کروڑ روپئے جاری

دو لاکھ افراد میں ملبوسات کی تقسیم کا منصوبہ ‘ چیف سکریٹری
حیدرآباد۔ 4؍ ڈسمبر ( سیاست نیوز) حکومت نے ریاست میں بڑے پیمانے پر کرسمس تہوار کیلئے 15 کروڑ روپئے جاری کئے ۔ ان رقومات کے ذریعہ ریاست بھر میں تقریباً 200 مقامات پر عیسائی طبقہ کے دو لاکھ افراد میں ملبوسات تقسیم کئے جائیں گے ۔ اس تہوار کے سلسلہ میں موثر انتظامات کرنے کی ضلع کلکٹروں کو چیف سکریٹری مسٹر پردیپ چندرا نے ہدایات دیں ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ چیف سکریٹری نے کرسمس تقاریب کمیٹی 2016 آرگنائزنگ چیرمین مسٹر اے کے خان ‘ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو کے ہمراہ انتظامات کے مسئلہ پر تمام ضلع کلکٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی اور بتایا کہ جاریہ ماہ 16 ڈسمبر کو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں 24 اسمبلی حلقوں میں 100 مقامات پر اور مواضعات میں 96 مقامات پر ملبوسات کی تقسیم کیلئے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ۔ علاوہ ازیں چرچوں کے لحاظ سے کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لاتے ہوئے اہل عیسائی افراد کا انتخاب کر کے ملبوسات تقسیم کرنے کی ہدایت دیں اور کہا کہ ان پروگرام میں مقامی ارکان اسمبلی و عوامی منتخبہ نمائندوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں ۔ اس ویڈیو کانفرنس میں مسٹر اے کے خان کے علاوہ پرنسپال سکریٹری فینانس کے راما کرشنا راؤ ‘ پرنسپال سکریٹری نظم و نسق عامہ آدرسنہا ‘ سکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی جیش رنجن ‘ سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ ‘ سکریٹری بلدی نظم و نسق و کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ مسٹر نوین متل ‘ سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سید عمر جلیل و منیجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن مسٹر وکٹر و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT